سیافت کا شخصیت سازی پروگرام ، سید سعید احمد کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : معاشرہ میں کوئی بھی انسان اپنی محنت ، صلاحیتوں ، وقت کی پابندی ، پرکشش شخصیت اور بہتر منصوبہ بندی و تیاری کے ذریعہ اپنا ایک مقام اپنی ایک شناخت پیدا کرتا ہے ۔ روزنامہ سیاست ، ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے ساتھ ساتھ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام کے عطیہ دہندگان بھی یہی چاہتے ہیں کہ ہمارے نونہالان ملت اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ ایسا مقام پیدا کریں جس سے دنیا میں ملک و ملت کا نام روشن ہو چنانچہ اس مقصد کے تحت سیاست اور فیض عام ٹرسٹ (SIAFAT) نے طلباء وطالبات اور دوسروں کے لیے نونہالان ملت کی شخصیت سازی کے لیے ملک گیر شہرت کے حامل سید سعید احمد کے خطاب کا کل سیاست آڈیٹوریم میں اہتمام کیا جس میں طلباء وطالبات اور والدین و سرپرستوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ جناب سید سعید احمد نے اپنے منفرد انداز میں طلبہ کو خود تجزیہ ، اپنے کیرئیر کی منصوبہ بندی ، کیرئیر کو لے کر ہوم ورک کیسے کریں وغیرہ کے بارے میں تفصیل سے واقف کروایا ۔ انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ ضرورتیں کیرئیر نہیں بنتی رجحانات کے مطابق شعبوں کا انتخاب کیا جاتا ہے تو ضرورتیں پیچھے آتی ہیں اور آپ مشکل سے مشکل کام انجام دینے والے اور نا ممکن کو ممکن کرنے والے بن جاتے ہیں ۔ اس موقع پر سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، جناب سید حیدر علی ، جناب خلیل احمد ( خلیل واچ کمپنی ) ، جناب سید عارف ، جناب محمد مجاہد ، جناب ضیا اور فیض عام ٹرسٹ کی ٹیم کے ساتھ سیاست کی ٹیم کے زاہد فاروقی اور محمد ریاض احمد بھی موجود تھے ۔ جب کہ متین الجبار کمپیوٹر و اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹر کی ٹرینر محترمہ عائشہ تبسم اپنے طلبہ کے ساتھ موجود تھیں ۔ جناب سید سعید احمد نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو پہلے یہ معلوم ہونا چاہئے کہ میں کون ہوں ؟ تب ہی وہ زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی موجودگی کا احساس دلا سکتے ہیں ۔ انہوں نے طلبہ کو یہ بھی مشورہ دیا کہ آپ وہی کام کریں جو آپ کو پسند ہو ۔ آج کل لوگ ڈاکٹر یا انجینئر بننا چاہتے ہیں جب کہ کم از کم 36 شعبے ایسے ہیں جن میں طلبہ اپنا روش کیرئیر بنا سکتے ہیں جس میں تجارت ؍ کاروباری شعبہ بھی شامل ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ طلبہ میں خود اعتمادی ہونی چاہئے ۔ حالات کا مقابلہ کرنے کا سلیقہ بھی ہو ، منفی سوچ و فکر کے دائرہ سے نکل کر مثبت سوچ و فکر اختیار کرنی ہوگی خود کو سنوارنا ماں باپ کو سننا ہوگا ۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ طلباء کو چاہئے کہ وہ خود کی عزت کرنا سیکھیں تب ہی دنیا میں عزت ملے گی ۔ سید سعید احمد نے یہ بھی کہا کہ صلاحیتوں کا صحیح استعمال ثواب اور غلط استعمال گناہ ہے ۔ ان کے خیال میں دوسروں کو دھوکہ دینے والے دراصل اپنے آپ کو دھوکہ دیتے ہیں ۔ آخر میں جناب سید حیدر علی نے شکریہ ادا کیا ۔۔