صنعتی نمائش کی منسوخی،خشک میوے جات کے تاجرین کو بھاری نقصان

   

حیدرآباد12جنوری(یواین آئی) حیدرآباد میں سالانہ ہونے والی کل ہند صنعتی نمائش کو اچانک منسوخ کئے جانے کے بعد سب سے زیادہ خشک میوہ جات کے تاجرین متاثر ہوئے ۔ان کا کہنا ہے کہ دیگر اشیا کی بہ نسبت وہ ان خشک میوہ جات کا اسٹاک نہیں رکھ سکتے ۔وہ کاروبارکی نیت سے حیدرآبادمیں ہر سال ہونے والی اس نمائش میں اسٹال لگانے کے لئے آئے تھے تاہم نمائش کے منسوخ ہونے کی وجہ سے ان کو کافی مشکلات کا سامناکرناپڑا۔ان تاجرین میں زیادہ تر کا تعلق کشمیر سے ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ نمائش منسوخ ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ان کو لاکھوں روپئے کا نقصان ہوا ہے ۔ان تاجرین نے کہا کہ انہوں نے قرض حاصل کرتے ہوئے خشک میوہ جات کو اپنے علاقوں سے یہاں نمائش میں فروخت کرنے کے لئے لایا تھا تاہم کوویڈ کے معاملات میں اضافہ کے پیش نظر حکومت نے نمائش کو منسوخ کردیا جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہیں۔ان میں اداسی پائی جاتی ہے اور یہ افراد پیچیدہ صورتحال کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نمائش سوسائٹی کو چاہئے کہ وہ ان کے نقصان کی پابجائی کرے ۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خشک میوہ جات کو فروخت کرتے ہوئے آمدنی کی توقع کی تھی تاہم اس 45دن چلنے والی نمائش کے اچانک بند ہونے کے سبب ان کا سب کچھ برباد ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 45دنوں کیلئے اسٹال لینے سوسائٹی کو رقم دی گئی تھی۔