صنعت نگر میں تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسیس کے قیام کی تیاریاں

   

اعلیٰ عہدیداروں نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا، ماہر ڈاکٹرس سے تجاویز طلب
حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے ریاست میں قائم کئے جانے والے تین تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے صنعت نگر میں قائم کئے جارہے ٹمس کا معائنہ کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر سکریٹری محکمہ ہیلت ڈاکٹر کرسٹینا چونکٹو، سکریٹری آر اینڈ بی شریمتی ہری چندنا داسری ، کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشٹی، ایڈیشنل کلکٹر مکل ریڈی ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن اور نوڈل آفیسر ٹمس صنعت نگر نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سرکاری سطح پر طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ریاست میں تین انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے تعمیری کاموں کی عاجلانہ تکمیل کیلئے عہدیداروں کو دورہ کی ہدایت دی۔ محکمہ عمارات و شوارع ، میگھا انجنیئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمٹیڈ اور ٹکنیکل ٹیموں نے عہدیداروں کو تعمیری کاموں کی پیشرفت سے واقف کرایا۔ نمس ، کمس ، یشودھا ہاسپٹل اور ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیاسٹرو انٹرالوجی کے ڈاکٹرس نے تجاویز پیش کیں اور درکار انفراسٹرکچر سے واقف کرایا۔ عہدیداروں نے ایکشن پلان کو قطعیت دی ہے جس کے تحت باقی تعمیری کام تیزی سے مکمل کیا جائے گا ۔حکومت نے صنعت نگر میں ٹمس کے قیام کے ذریعہ کئی اہم شعبہ جات کے موثر علاج کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعضاء کی پیوندکاری کے علاوہ قلب سے متعلق اہم سرجری کے لئے درکار آلات حاصل کئے جائیں گے ۔ حکام نے کہا کہ ٹمس میں جلد ہی عوام کیلئے طبی سہولتوں کا آغاز ہوگا۔1