صیدا میں پناہ گزین کیمپ پر بمباریالفتح رہنما کا بیٹا ہلاک

   

بیروت: پیر اور منگل کی درمیانی شب بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں میں ہونے والے اسرائیلی حملوں کے بعد صبح کے وقت ایک اسرائیلی فضائی حملے میں صیدا شہر میں واقع عین الحلوہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔حملے کا ہدف تحریک الفتح کے عسکری ونگ کے ایک اہم رہنما منیر المقدح تھے، جن کا بیٹا 4 دیگر افراد کے ساتھ اس حملے میں ہلاک ہو گیا ہے۔جبکہ تحریک کے ایک رہنما نے بتایا کہ اسرائیل نے میجر جنرل منیر المقدح کے بیٹے کے گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ میڈیا کے مطابق، انہوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا منیر المقدح، جن کے بارے میں اسرائیل کا کہنا ہے کہ لبنان میں الاقصیٰ شہداء بریگیڈز کے رہنما ہیں، حملے کے وقت گھر کے اندر موجود تھے یا نہیں۔اسرائیل نے گذشتہ روز طائر شہر میں الباس فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر بھی حملہ کیا۔ جبکہ حماس تحریک نے اعلان کیا کہ لبنان میں اس کے رہنما فتح شریف ابو الامین اپنی اہلیہ، بیٹے اور بیٹی سمیت اس حملے میں ہلاک ہو گئے۔اسرائیل نے پیر کی صبح بیروت کے قلب میں واقع “کولا” کے علاقے کو بھی نشانہ بنایا۔پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین نے تصدیق کی ہے کہ اس حملے میں اس کے تین ارکان مارے گئے ہیں۔اسرائیل نے بعد میں اس بات کی تصدیق کی کہ اس نے فرنٹ کے دو رہنماؤں، لبنان کے علاقائی عہدیدار، نضال عبد العال، اور لبنان میں فوجی اہلکار، عماد عودہ کو ہلاک کر دیا ہے۔