طالبان کا افغان فوج اور پولیس پر حملہ، 12 ہلاک

   

کابل ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) طالبان نے ایک فوجی اڈے اور ایک پولیس تربیتی کیمپ پر گھات لگا کر حملہ کیا جس میں 12 افراد ہلاک اور زائد از30 افراد زخمی ہوئے۔ یہ حملہ پیر کی صبح مشرقی افغانستان میں کیا گیا۔ دریں اثناء اس علاقہ کے محکمہ صحت عامہ کے سربراہ سالم اصغر خیل نے توثیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں اکثریت فوجی جوانوں کی ہے جبکہ زخمیوں کو صوبائی ہاسپٹلس میں بغرض علاج شریک کیا گیا ہے اور شدید طور پر زخمی افراد کو دارالحکومت کابل کے ہاسپٹلس میں شریک کیا گیا ہے۔ دوسری طرف وزیرداخلہ کے نائب ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے پہلے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا اس کے بعد تربیتی کیمپ پر فائرنگ کی گئی جس کے تبادلے میں دو طالبان شورش پسندوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ طالبان تقریباً روزانہ فوج اور پولیس کو نشانہ بناتے ہوئے کوئی نہ کوئی حملہ ضرور کرتے ہیں اور آج کا حملہ ان کا تازہ ترین حملہ تھا جبکہ 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمہ کیلئے کوششیں بھی کی جارہی ہیں جن میں امریکہ بھی شامل ہے جو طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کا خواہاں ہے لیکن اب تک کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آئے