کابل : جنوبی افغانستان میں ایک تباہ حال ہسپتال کے وارڈ میں موجود مریض انسانی بحران کی صرف ایک علامت ہیں جس نے ایک سال قبل طالبان کے اقتدار میں واپس آنے کے بعد سے جنگ زدہ ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق غربت اور بھوک کو افغانستان کے جنوبی اضلاع میں سب سے زیادہ شدت سے محسوس کیا جاتا ہے۔خشک سالی اور مالی مشکلات کے باعث اناج نہ خرید سکنے والے ملک پر عالمی منڈی میں گندم نہ ملنے کے اثرات بھی پڑ رہے ہیں جو روس کے یوکرین پر حملے کے بعد مہنگی ہو چکی ہے۔ گزشتہ ماہ صوبہ ہلمند کے علاقے میں ہیضے کی وبا پھوٹنے کے بعد موسیٰ قلعہ ڈسٹرکٹ ہسپتال ہیضے کے مشتبہ مریضوں کے علاوہ دیگر تمام امراض کے شکار افراد کے لیے بند کیا گیا تھا۔ہسپتال بہت کم وقت میں ہیضے کے مریضوں سے بھر گیا لیکن پھر ان کے لیے سرنج اور انجیکشن کم پڑ گئے۔ہلمند کے ضلعی ہسپتال میں ہیضے کے ٹیسٹ کے لیے سہولیات ناکافی ہیں۔