طالبہ کلپنا کے قاتلین کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ

   

حسن آباد منڈل اکناپیٹ میں سینکڑوں مرد و خواتین کا احتجاج

حسن آباد۔14 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد پولیس سرکل کے تحت موضع گوبڈی منڈل اکناپیٹ میں گزشتہ 2 روز قبل مشتبہ حالت میں فوت ہونے والے ڈگری نرسنگ کی قبائیلی طالبہ 21 سالہ کلپنا کی موت پر شبہات کا اظہار کرتے ہوئے آج سینکڑوں قبائیلی مرد و خواتین نے ٹاؤن میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کلپنا کی موت کے لئے آرمڈ ریزر کانسٹیبل رمیش کو مبینہ ذمہ دار قرار دے کر فوری گرفتار و نوکری سے معطل کردینے کا مطالبہ کیا۔ 12 فروری کو موضع گوبڈی کے مضافات میں واقع پہاڑی سلسلے میں ایک لڑکی کی مسخ شدہ نعش دستیاب ہوئی تھی جس کی بعدازاں موضع کیشو نائیک تانڈہ موضع گوبڈی کی کلپنا بی ایس سی نرسنگ طالبہ جس کی رمیش نائیک کی بیٹی کی حیثیت سے شناخت کی گئی تھی۔ حسن آباد ٹاؤن میں اس ضمن میں گزشتہ دو دنوں سے مختلف قبائیلیوں کی جانب سے زبردست احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ تلنگانہ ریاستی ایس بی ایس ٹی کمیشن کے صدر اے سرینواس نے آج اپنے ارکان کے ہمراہ موضع گوبڈی پہنچ کر متوفی قبائیلی طالبہ کے والدین سے ملاقات کی نیز عنقریب قاتلین کو گرفتار اور مشتبہ موت پر سے پردہ ہٹا دینے کا عزم کیا۔ بنجارہ سنگھٹن، اس ٹی ایمپلائیز اسوسی ایشن سے وابستہ قبائیلی ملازمین رمیش نائیک، سرینواس، بھیما، بھکارو نائیک، شراون نائیک اور دیگر نے آج آر ڈی او حسن آباد کے اننت ریڈی، معاون پولیس کمشنر اس مہیندر سے ملاقات کرتے ہوئے متوفی قبائیلی طالبہ کلپنا کی مشتبہ موت کی کھلے عام تحقیقات کرنے اور قاتلین کو فوری گرفتار کرتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناء سدی پیٹ کے ایڈیشنل کمشنر پولیس ایم نرسمہا ریڈی نے آج حسن آباد اور گوبڈی کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کلپنا کے قاتلین کو بہرصورت گرفتار کرنے اور سخت سزا دینے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے قبائیلی ملازمین، عوام اور سیاسی قائدین کو اس ضمن میں مشتعل نہ ہونے کا مشورہ دیا۔