طبی آلات کو جراثیم سے پاک نہ کرنے کی وجہ سے چار خواتین کی موت

   


کمیٹی کی حکومت کو رپورٹ پیش ، ڈاکٹرس کے بشمول 30 عملہ کے خلاف کارروائی کرنے سفارش
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ضلع رنگاریڈی کے ابراہیم پٹنم میں واقع سیول ہاسپٹل میں خاندانی منصوبہ بندی آپریشن کے بعد چار خواتین کی اموات پر تلنگانہ حکومت کو رپورٹ وصول ہوگئی ہے ۔ ہیلت ڈائرکٹر ڈاکٹر جی سرینواس راؤ کی قیادت والی کمیٹی نے واقعہ کی باریک بینی سے تحقیقات کرتے ہوئے رپورٹ حکومت کو روانہ کی ہے ۔ گورنمنٹ ہاسپٹل میں آپریشن سے قبل اور اس کے بعد پیش آئے تمام واقعات کا رپورٹ میں احاطہ کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 25 اگست کو ڈی پی ایل کیمپ میں حصہ لینے والے ڈاکٹرس ، عملہ کے بشمول 30 افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے ۔ آپریشن تھیٹر میں موجود آلات ، ڈی پی ایل سرجری کیلئے ڈاکٹر جوئیل کی ٹیم کی جانب سے لائے گئے آلات کو جراثیم سے پاک نہیں کیا گیا ۔ جس کی وجہ سے خواتین انفیکشن کا شکار ہوگئی اور چار خواتین کی موت واقع ہوجانے کی کمیٹی نے نشاندہی کی ہے ۔ کمیٹی کی جانب سے حکومت کو پیش کردہ رپورٹ کی تفصیلات سے ایک دو دن میں میڈیا کو سرکاری طور پر بتانے کے قوی امکانات ہیں ۔۔ ن