طبی کانگریس کامفت یونانی میڈیکل کیمپ کا انعقاد

   

نئی دہلی : آل انڈیا یونانی طِبّی کانگریس کی جانب سے “یونانی آیوروید ایک ساتھ ، وشواس کے سو سال” کے عنوان سے خان پور سینک فارم، چراغ دہلی میں سمپوزیم اور مفت یونانی میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔افتتاحی تقریب کی صدارت حکیم ڈاکٹر سیّد احمد خاں قومی سکریٹری جنرل تنظیم ہذا نے کی۔ انہون نے کہا کہ ” طِب یونانی ہمارا عظیم سرمایہ ہے ۔ یہ طریقہ علاج ملک بھر میں مقبول ہورہا ہے ۔ یونانی ادویہ کے استعمال سے مریضوں کو شفایابی کے بعد از سر نو نئی توانائی ملتی ہے اور جسم میں قوّت مدافعت پیدا ہوتی ہے ۔ سائیڈ ایفیکٹ سے پاک خالص قدرتی اجزاء سے تیّار شدہ یونانی ادویہ افادیت کے نقطہ نظر سے موثّر اور زود اثر ہوتی ہیں۔” ڈاکٹر حبیب اللّٰہ سی ایم او (سنٹرل جیل تہاڑ،دہلی) نے کہاکہ موجودہ مہنگائی کے دور میں غریبوں اور کمزور طبقوں کو اس طرح کے طبّی کیمپ کے ذریعہ مفت چیک اپ اور دواؤں کی فراہمی ایک عظیم خدمت ہے جس کا اہتمام تنظیم آل اندیا یونانی طبّی کانگریس کی جانب سے وقتاً فوقتاً ہوتا رہتا ہے ۔ حکیم اعجاز احمد اعجازی قومی وائس پریسیڈنٹ (فارمیسی ونگ) اور حکیم عطائالرحمٰن اجملی (صوبائی خزانچی) تنظیم ہذا نے فرمایا کہ ہماری تنظیم خدمت خلق کے جذبہ کے تحت اپنی مہم “یونانی اپچار جنتا کے دوار” اور “گھر گھر یونانی گھر گھر نورانی” کے تحت دہلی اور بیرون دہلی میں مفت یونانی طِبّی کیمپ کا انعقاد کرتی رہتی ہے ۔ کثیر تعداد میں عوام ان کیمپوں سے مستفید ہوتی ہے ۔