طرہ باز خان ، شعیب اللہ اور دوسروں کو صدر جمہوریہ کا خراج

   


حیدرآباد لبریشن مومنٹ پر تصویری نمائش کا افتتاح
حیدرآباد۔/27 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے حیدرآباد اسٹیٹ کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والے مجاہدین کو خراج پیش کیا۔ صدر جمہوریہ نے آج کیشو میموریل ایجوکیشن سوسائٹی کے احاطہ میں ’’ حیدرآباد لبریشن مومنٹ‘‘ پر تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش میں نظام حیدرآباد نواب میر عثمان علی خاں کی سردار پٹیل کے ساتھ تاریخی تصویر کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا جس میں نظام کو ہاتھ جوڑ کر سرینڈر کے انداز میں دکھایا گیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ آزادی کا امرت مہا اتسو تقاریب کے تحت حیدرآباد کی آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے ضمن میں نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مجاہدین نے بہادری کے ساتھ حیدرآباد کی آزادی کی لڑائی لڑی۔ مجاہدین آزادی کو خراج پیش کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے رام جی گونڈ، طرہ باز خاں، کمرم بھیم، ایس پرتاپ ریڈی اور شعیب اللہ خان کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شخصیتوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم انہیں احترام سے دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کے ساتھ ساتھ ظالم حکمرانوں سے ہندوستان کے کئی علاقوں کو نجات ملی ہے انہیں ہم فراموش نہیں کرسکتے۔ صدر جمہوریہ کو حیدرآباد لبریشن مومنٹ کے ضمن میں مختلف تصاویر کے ذریعہ تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ر