طلبہ پر دباؤ نہ ڈالنے کیلئے وہ بچوں کے والدین کو مکتوب روانہ کریں گے : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیرصحت ٹی ہریش راؤ نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ امتحانات کو عید و تہوار کے طور پر قبول کریں۔ دسویں جماعت کے طلبہ کے بہتر نتائج کیلئے طلبہ کے والدین کو مکتوب روانہ کرنے کا اعلان کیا۔ ہریش راؤ نے ضلع سدی پیٹ کے ڈی ای او کو ہدایت دی کہ وہ نتائج کے معاملے میں ضلع سدی پیٹ کو ساری ریاست میں سرفہرست مقام حاصل کرنے کیلئے دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے خصوصی کلاسیس کا اہتمام کریں۔ سدی پیٹ ضلع ہیڈکوارٹر کے نیو ہائی اسکول میں ایک این آر آئی ڈاکٹر آر گنگارام کے تعاون سے 25 لاکھ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ ڈائننگ ہال کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر گنگارام نے جس اسکول میں تعلیم حاصل کی ہے اس اسکول کیلئے ڈائننگ ہال تعمیر کرتے ہوئے دوسروں کیلئے مثال قائم کی ہے۔ ہریش راؤ نے ہر کسی کو اپنی ماں، تعلیم حاصل کردہ اسکول اور اپنے آبائی مقام کو ہرگز نہ بھولنے کا مشورہ دیا۔ وزیرصحت نے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال سے تمام سرکاری اسکولس میں انگریزی تعلیم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ’’ہمارا گاؤں ہمارا اسکول‘‘ پروگرام کیلئے حکومت نے 7300 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ سرکاری اسکولس میں کارپوریٹ طرز کی معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے۔ سرکاری اسکولس میں داخلوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کے عہدیدار اور ٹیچرس کوشش کریں۔ن