طلبہ کو اپنے کام میں مہارت پیدا کرنے کا مشورہ

   


ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ کانوکیشن، پروفیسر ٹی سی اے اننت، پروفیسر شالینی بھارتی کا خطاب

حیدرآباد۔7جنوری (سیاست نیوز) ٹاٹا انسٹیٹیوٹ آف سوشیل سائنس(ٹی آئی ایس ایس) کا آٹھواں کنوکیشن پروگرام کا شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں آیا۔ مری چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹیٹیوٹ برائے تلنگانہ میںمنعقدہ کنوکیشن کی نگرانی ڈائرکٹر ٹی آئی ایس ایس شالینی بھارتی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر ٹی سی اے اننت ممبر یونین پبلک سرویس کمیشن نے شرکت کی ۔اپنے صدراتی خطاب میں پروفیسر شالینی بھارتی نے کہاکہ ملک کی 23ریاستوں اور دو یونین ٹریٹریز سے تعلق رکھنے والے 135طلبہ وطالبات نے ماسٹر س کی تعلیم مکمل کرلی ہے جس میں ایم اے تعلیم کے 10اسٹوڈنٹس ‘ ایم اے پبلک پالیسی اور گورننس میں31 ‘ایم اے قدرتی وسائل وگورننس میں 20 ‘ ایم اے ڈیولپمنٹ اسٹڈیز 29، ایم اے دیہی ترقی اور گورننس 27اسٹوڈنٹس‘ کے علاوہ ایم اے برائے ویمنس اسٹڈیز میں 18 اسٹوڈنٹس ہیںجبکہ ایک ایم فل اور دو ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں بھی دی گئی ہیں۔ ڈاکٹر شالینی نے کہا کہ حالانکہ پچھلے دو سالوں سے عالمی وباء کویڈ کا شدید دبائو ہونے کے باوجود طلبہ نے نہ صرف پڑھائی کی بلکہ امتحانات میں نمایاں نشانات سے کامیاب بھی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جن طلبہ وطالبات نے ٹی آئی ایس ایس سے ماسٹرس اور ایم فل و ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کی ہے انہیں ملازمتیں بھی فوری مل گئی ہیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی ٹی سی اے اننت نے ’’کوئسچینگ نمبرس‘‘ پر خطاب کرتے ہوئے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات کو اپنے کام میں مہارت حاصل کرنے کے ہنر سے مستفید کیا۔ پچھلے ایک دہائی سے سماجی حقائق تک رسائی کے لئے درکار اعداد وشمارپر ان کی مصروفیت ان کے خطاب کا محور رہی ہے۔انہوں نے سماجی علوم کو سیکھنے اور اس پر عمل کرنے میں درکار اعداد وشمار کی مطابقت کے ساتھ ساتھ اس میںکمی کو بھی اپنے خطاب کے ذریعہ اجاگر کیاہے ۔ اس کے علاوہ ڈپٹی ڈائرکٹر ٹی آئی ایس ایس حیدرآباد پروفیسر آسیام پرکاش نے رپورٹ پیش کی جس میںانہوں نے پچھلے تعلیمی سال میں طلبہ او ر فکلٹیز کی تعلیمی‘ تحقیقاتی اور غیرتدریسی سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے مشکل حالات میںبھی طلبہ کی کارکردگی کو قابل ستائش قراردیا ہے۔ اس کے علاوہ ایم ایس شوبھا نینا وتھ کی یاد میں معاشی پسماندہ ٹی آئی ایس ایس کی ایک خاتون اسٹوڈنٹ کو فراہم کی جانے والی فیلو شپ اور ایک ایوارڈ کا بھی اس موقع پر تذکرہ کیا۔