طلبہ کو درپیش مسائل پر قومی انسانی حقوق کمیشن سے نمائندگی

   

حیدرآباد۔ کانگریس کی طلبہ تنظیم نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا ( این ایس یو آئی ) نے طلبہ کو درپیش مسائل پر قومی انسانی حقوق کمیشن سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ نرسنگ راؤ نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے انسانی حقوق کمیشن کو طلبہ کے مسائل سے واقف کرانے کیلئے باقاعدہ مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت راست طور پر کمیشن کو میل کے ذریعہ شکایت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال طلبہ کی تعلیم کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔ امتحانات کا انعقاد موجودہ صورتحال میں ممکن نہیں ہے۔ طلباء کو درپیش دوسرا مسئلہ آن لائن کلاسیس کا ہے جو طلباء کے حقوق کے برخلاف ہے۔ آن لائن کلاسیس کا فیصلہ یکطرفہ طور پر کیا گیا ہے۔ این ایس یو آئی نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کو راست ای میل روانہ کریں۔ طلبہ اپنے ای میل کی نقل این ایس یو آئی کو بھیجیں تاکہ کمیشن سے شخصی نمائندگی کی جاسکے۔