طلبہ کو مستقبل کے کیریئر کی رہنمائی کے اقدامات

   

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کا اے اسکوائر فاؤنڈیشن سے معاہد ہ ، کلکٹر نے دستخط کئے
محبوب نگر ۔13 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ’اے اسکوائر فاؤنڈیشن‘ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں تاکہ سرکاری اسکولوں میں کلاس 9 کے طلباء کو کیریئر کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے، ان کی صلاحیتوں کی نشاندہی کی جائے اور مستقبل میں صحیح تعلیمی راستے کے انتخاب میں ان کی رہنمائی کی جائے۔ ضلع کلکٹر خوشبو گپتا کی سرپرستی میں پیر کو کلکٹریٹ میں اس معاہدے پر دستخط ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ حیدرآباد میں واقع اے اسکوائر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مائی ایس ای ایل پروگرام کے ذریعے سرکاری اسکولوں میں کلاس 9 کے طلبہ کے لیے کیریئر کونسلنگ پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں تعلیمی سال 24 سیشنز کے ذریعے طلباء کو مختلف موضوعات سے روشناس کرایا جائیگا۔ اس پروگرام کے ذریعے طلباء کو یہ واضح ہوجائے گا کہ کلاس 10 کے بعد انٹرمیڈیٹ میں کس گروپ کا انتخاب کرنا ہے، اس کے بعد کون سے کورسز پڑھنا ہیں، اور مستقبل میں اپنی صلاحیتوں اور دلچسپیوں کے مطابق کس قسم کے کیریئر کا انتخاب کرنا ہے۔ کلکٹر نے کہا کہ یہ پروگرام نویں جماعت کے طلباء کے لیے شروع کیا گیا تھا اور اگلے تعلیمی سال میں دسویں جماعت میں شمولیت کے بعد بھی اسے جاری رکھنے کے منصوبے جاری ہیں۔فاؤنڈیشن کی بانی سری لکشمی نے کہا کہ ‘MySEL’ پروگرام اے اسکوائر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شروع کیا گیا ہے ۔ جس کا مقصد طلباء میں زندگی کی مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔یہ پروگرام تقریباً 150 سرکاری اسکولوں میں لاگو کیا جائے گا جہاں اس وقت انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے۔اسسٹنٹ کلکٹر ٹرینی سائی شیوانی اور ’اے اسکوائر فاؤنڈیشن‘ کی نمائندہ دیپیکا نے پروگرام میں حصہ لیا۔