طلبہ کی زندگیوں سے حکومت کا کھلواڑ ناقص مڈ ڈے میل کی سربراہی

   

چیف منسٹر کے اسمبلی حلقہ میں طلبہ بیمار : کے ٹی آر کا شدید ردعمل
حیدرآباد۔ 7 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے سرکاری اسکولس میں زیرتعلیم غریب طلبہ کو مڈ ڈے میلس معیاری طور پر سربراہ نہ کرنے پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کو ریاست کے مفادات سے زیادہ دہلی کو نوٹوں کے تھیلے بھیجنے کی فکر ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران سرکاری اسکولس، ریسیڈنشیل ہاسٹلس میں سمیت غذا کے کئی واقعات پیش آئے ہیں جس میں طلبہ کثیر تعداد میں بیمار ہوکر دواخانہ سے رجوع ہوئے۔ یہاں تک کہ کئی طلبہ کی موت بھی واقع ہوگئی، تاہم حکومت ان غریب طلبہ کی صحت کو نظرانداز کررہی ہے۔ ریاست کے عوام نے ریونت ریڈی کو چیف منسٹر کے طور پر منتخب کیا ہے۔ ریونت ریڈی ریاست کے مفادات کا خیال رکھنے کے بجائے بار بار دہلی کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر کے اسمبلی حلقہ کوڑنگل ضلع محبوب نگر میں ناچارم گورنمنٹ اسکول میں غیرمعیاری مڈ ڈے میل سربراہ کرنے کی وجہ سے کئی طلبہ بیمار ہوگئے۔ چیف منسٹر کے اسمبلی حلقہ کا یہ حال ہے تو ریاست کے دوسرے اضلاع کی صورتحال کیا ہوگی، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ کے ٹی آر نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ نہ کریں بلکہ معیاری مڈ ڈے میلس کی فراہمی اور طلبہ کے بہتر مستقبل کیلئے ٹھوس منصوبوں پر عمل کریں۔ مڈ ڈے میلس کی سربراہی میں نقائص کو فوری دور کرتے ہوئے تغذیہ بخش غذا کو یقینی بنائیں۔2