طوفانی اننگز ! 52 گیندوں میں 106 رن ، نیپال کے اس بلے باز نے کوہلی اور اسمتھ کو پیچھے چھوڑ کر بنایا نیا عالمی ریکارڈ

,

   

نیپال کے کپتان پارس کھڑکا نے سنگاپور کے خلاف ناٹ آوٹ سنچری بناکر نیا عالمی ریکارڈ بنادیا ہے ۔ آسٹریلیا کے اسٹار بلے باز اسٹیو اسمتھ اور ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی بھی اس ریکارڈ سے کافی پیچھے رہ گئے ۔ سنگاپور نے سہ رخی ٹی 20 سیریز میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیپال کے خلاف مقررہ اوورس میں 151 رن بنائے ۔ جواب میں نیپال کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف کو حاصل کرلیا ۔

کپتان پارس نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ناٹ آوٹ 106 رنوں کی کی شاندار اننگز کھیلی ۔ اسی کے ساتھ پارس دنیا کے پہلے ایسے ٹی 20 کپتان بن گئے ہیں ، جنہوں نے ہدف حاصل کرتے ہوئے سنچری بنائی ہے ۔ ہدف حاصل کرتے ہوئے یہ کسی ٹی 20 کپتان کا سب سے بڑا اسکور ہے ۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ نیدر لینڈس کے کپتان پیٹر سیلر کے نام تھا ، جنہوں نے ہدف کے تعاقب میں 96 رن بنائے تھے ۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اس فہرست میں چوتھی پوزیشن پر ہیں جبکہ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی اس فہرست میں 8ویں نمبر پر ہیں ۔ کوہلی نے 2017 میں سری لنکا کے خلاف 82 رنوں کی اننگز کھیلی تھی ۔ پارس ٹی 20 میں سنچری بنانے والے پہلے نیپالی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں ۔

پارس نے صرف یہی ریکارڈ اپنے نام نہیں کیا ، بلکہ وہ ٹی 20 میں سب سے تیز سنچری بنانے والے تیسرے کپتان بھی بن گئے ہیں ۔ پارس نے 49 گیندوں میں اپنی سنچری بنائی ۔ سنگاپور کے ذریعہ دئے گئے 152 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے پارس 52 گیندوں پر 106 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ ان کی اس شاندار اننگز کی بدولت نیپال کی ٹیم نے چار اوورس پہلے ہی ہدف حاصل کرلیا ۔ اپنی اس تاریخی اننگز میں پارس نے سات چوکے اور 9 چھکے لگائے ۔

سب سے تیز سنچری بنانے والے کپتانوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر روہت شرما ہیں ، جنہوں نے سری لنکا کے خلاف 35 گیندوں میں سنچری بنائی تھی ۔ ان کے بعد فاف ڈوپلیسس ہیں ، جنہوں نے 46 گیندوں میں سنچری بنائی تھی۔