طوفان ’ فانی ‘ آج ساحلی آندھرا سے ٹکرا جائے گا

,

   

ضلع سریکاکولم میں ریڈ الرٹ، اڈیشہ میں 8 لاکھ افراد کا تخلیہ،تلنگانہ میں بارش

حیدرآباد۔یکم مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) طوفان ’ فانی ‘ امکان غالب ہے کہ کل ساحلی آندھرا سے ٹکرا جائے گا۔ ضلع سریکاکولم میں ریڈ الرٹ کیا گیا ہے۔ 120کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ضلع وجیا نگرم میں بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ خلیج بنگال کے علاوہ اضلاع وشاکھاپٹنم اور مشرقی گوداوری میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔ 2 اور 3 مئی کو یہاں سخت چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پڑوسی ریاست اوڈیشہ میں طوفان ’ فانی‘ جسے ’ پھنی ‘ بھی قرار دیا گیا ہے شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ ریاستی حکومت نے 8 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ خلیج بنگال کے جنوب مغرب میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران طوفان شدت اختیار کرجائے گا۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ طوفان کا اثر ریاست تلنگانہ پر بھی دیکھا جائے گا۔ فی الحال تلنگانہ میں موسم خشک ہے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آج کا درجہ حرارت اعظم ترین 42 ڈگری اور اقل ترین 29 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اسی دوران تلنگانہ کے اضلاع ناگرکرنول میں 2 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ضلع وقارآباد کے کوڑنگل علاقہ میں 2 سنٹی میٹر اور ضلع رنگاریڈی یاچارم میں بھی 2 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ضلع عادل آباد میں شدید گرمی کی لہر چل رہی ہے جہاں درجہ حرارت 45.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔طوفان ’فانی ‘ 3 مئی کی درمیانی شب اور 4 مئی کی اولین ساعتوں میں خلیج بنگال کے جنوبی ساحل سے گذر جائے گا اور اس کی رفتار فی گھنٹہ 150 کلو میٹر ہوگی۔
ایس بی آئی کے سیونگس اکاؤنٹس
شرح سود میں کمی
حیدرآباد۔یکم مئی، ( سیاست نیوز) ایس بی آئی نے سیونگس اکاؤنٹس رکھنے والے کھاتہ داروں کے کھاتہ میں زائد از ایک لاکھ روپئے جمع ہوں تو انہیں چہارشنبہ سے ایک چوتھائی حصہ پر شرح سود میں کمی کی گئی ہے۔ مختصر مدتی شرح سود یا آر بی آئی کے ریپو سے مربوط یہ شرح سود 3.5 فیصد ہوگی۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ویب سائیٹس پر فراہم کردہ اطلاع کے مطابق ایس بی آئی میں سیونگ اکاؤنٹس رکھنے والوں کو ایک لاکھ روپئے رقم جمع کرنے پر 2.75 فیصد شرح سود دی جائے گی جو آر بی آئی ریپو ریٹ سے کم ہے جبکہ اب تک یہ شرح سود 6 فیصد دیا جاتا تھا۔