’طوفان میں کشتی اور گھمنڈ میں ہستی اکثر ڈوب جاتی ہے ‘: سنجے راوت

   

ممبئی ۔ 26ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سابق حلیف شیو سینا نے آج بی جے پی قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غرور تکبر اکثر و بیشتر عوام کے سامنے گھٹنے ٹیک دینے کا سبب بن جاتا ہے ۔ شیو سینا رکن راجیہ سبھا سنجے راوت کا یہ ریمارک بی جے پی قائد کی جانب سے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کے حوالے سے اختیار کئے جارہے سخت موقف کے بعد سامنے آیا ہے ۔ سنجے راوت نے آج مائیکرو بلاگنگ سائیٹ پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہاکہ ’’ طوفان میں کشتیاں اور گھمنڈ میں ہستیاں اکثر ڈوب جاتی ہیں ‘‘ ۔ واضح رہے کہ ریاست میں وزارت اعلیٰ کے عہدہ کیلئے بی جے پی اور شیو سینا میں ہوئی پیدا شدہ اختلافات کے بعد بی جے پی قائدین اور شیو سینا کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف لگاتار تنقیدوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ بی جے پی کی جانب سے تنقید کے جواب میں راوت نے آج ایک کے بعد ایک ٹوئیٹ کئے اور کہا کہ بی جے پی قیادت غرور تکبر میںمبتلا ہوچکی ہے ۔ جس کا نتیجہ آخر کار عوام کے سامنے گھٹنے ٹیک دینے کی صورت میں ظاہر ہوگا ۔ سنجے راوت نے آنجہانی امریکی لیڈر مارتن لوتھر کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’’اگر سیاست داں مذہبی مسائل پیدا کرنا شروع کردیں تو عوام کو سمجھ لینا چاہیئے کہ ملک کوایک غلط شخصیت کے ہاتھوں چلا جارہا ہے ۔ راوت وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ملک کی سیول سوسائٹی پر تنقیدی بیان کے جواب میں یہ بات کہہ رہے تھے ۔