طوفان ’نسرگ ‘ مہاراشٹرا ، گجرات سے ٹکرایا ۔ ممبئی نقصان سے بچ گیا

,

   

ممبئی ؍ احمدآباد ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) سائیکلون ’نسرگ‘ چہارشنبہ کو ممبئی کے قریب پہنچا لیکن اس شہر کو زیادہ نقصان پہنچائے بغیر آگے بڑھ گیا، جو پہلے ہی عالمی وباء کوویڈ۔19 سے پریشان ہے۔ ویسے طوفان نے قریبی اضلاع رائے گڑھ اور پالگھر میں کئی درخت اکھاڑ دیئے اور تیز ہواؤں سے دیگر مالی و جانی نقصان بھی پہنچا۔ ایک شخص پاور ٹرانسفارمر گرنے سے فوت ہوگیا۔ پونے میں دو علحدہ واقعات سے دو افراد کی جان گئی۔ مہاراشٹرا کی ساحلی پٹی میں 120 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلی۔ اسی طرح گجرات کے جنوبی ساحل پر بھی طوفان نسرگ نے کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا۔ حکومت گجرات نے 8 اضلاع کے ساحلی علاقوں سے زائد از 63,700 افراد کا تخلیہ کرایا تھا۔ گجرات کے اسٹیٹ ریلیف کمشنر ارشد پٹیل نے کہا کہ خوش قسمتی سے طوفان کوئی بڑے حادثہ اور جانی نقصانات کے بغیر گذر گیا۔ نئی دہلی میں محکمہ موسمیات نے کہا کہ ساحلی مہاراشٹرا سے ٹکرانے کے بعد سائیکلون نسرگ شام میں کمزور پڑ گیا۔ یہ چند گھنٹوں میں مزید کمزور پڑجائے گا۔ ممبئی اور پڑوسی علاقوں کے لوگوں نے اطمینان کی سانس لی۔ مہاراشٹرا بالخصوص ممبئی گذشتہ دو ماہ سے کوروناوائرس کے بحران سے پریشان ہے۔ طوفان کے پیش نظر ٹرینوں کا شیڈول تبدیل کیا گیا تھا اور فلائیٹس منسوخ کردیئے گئے تھے۔