طوفان ’نیوار‘ پڈوچیری کے ساحل سے ٹکرا گیا

,

   

ٹاملناڈو کے کئی علاقوں میں دھواںدھار بارش ، پروازیں منسوخ

چینائی: گردابی طوفان ’نیوار‘کے سبب ٹاملناڈو کے چینائی میٹروپولیس اور نواحی علاقوں سمیت متعدد علاقوں میں گزشتہ شام سے موسلا دھار بارش ہورہی ہے ۔چینائی اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں مختلف مقامات پر سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے اور متعدد مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ سڑکیں پانی میں ڈوب جانے کی وجہ سے دو پہیہ گاڑی چلانے والوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔آفات کے انتظام کی تربیت یافتہ کمانڈو سمیت ہزاروں پولس اہلکاروں کو ساحلی چینائی کانشی پور، چینگلپیٹ، تریویلور اور کڈلور اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے طوفان سے متاثرہ 7 اضلاع میں چلنے والی بسوں کا آپریشن ردکردیا ہے ۔ ریلوے نے مضافاتی ای ایم یو ٹرین کی خدمات کے ساتھ ہی متعدد ایکسپریس ٹرینوں کو منسوخ کردیا ہے ۔دریں اثناء، ریاستی حکومت نے چہارشنبہ کے روز یہاں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے ۔سیلاب کی وارننگ جاری کرتے ہوئے انتظامیہ نے چمبیرمبکم آبی ذخائر کے گیٹ کھولنے اور ادیار ندی کے کنارے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو کسی وہاں سے منتقل کردیا گیا ہے ۔ٹاملناڈو اور پڈوچیری سے چہارشنبہ کو سمندری طوفان ’نیوار‘ کے گزرنے کے پیش نظر ٹاملناڈو انتظامیہ نے چینائی آنے جانے والے 12 طیاروں کو منسوخ کردیا ہے اور چیمبرمبکم آبی ذخائر کھولے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ٹاملناڈو اور پدوچیری میں فوج،بحریہ اور قدرتی آفات انتظامیہ کی ٹیمیں کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح ایک دوسرے کے رابطے میں ہیں۔ہوائی اڈے ذرائع نے بتایا کہ چینائی آنے والے چھ اور چینائی سے جانے والے چھ طیاروں کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اڈیار ندی کے کنارے ذیلی علاقوں میں رہنے والوں کے ساتھ کندراتھر،سروکلتھور،ترومودکم اور ترونرملائی میں سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔