طوفان نیوار کی تباہ کاریاں ،ٹاملناڈو میں3 ہلاک

,

   

سمندری طوفان پڈوچیری ساحل کو پار کرنے کے بعد کمزور پڑگیا

چینائی:ٹاملناڈو میں سمندری طوفان نیوار نے زبردست تباہی مچائی۔طوفان کی زد میں آجانے سے کم از کم تین لوگوں کی موت واقع ہوگئی جبکہ دیگر تین فراد زخمی ہوگئے ۔ریاستی حکومت کی طرف سے جاری ایک بلیٹن میں بتایا گیا کہ سمندری طوفان نیوار کی زد میں آجانے سے ریاست میں تین لوگوں کی جان چلی گئی جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے ۔ مرکنم اور پڈوچیری میں جمعرات کی صبح نیوار کے ٹکرانے کے بعد تیز ہواؤں کے ساتھ طوفان کے آگے بڑھنے کے دوران اس سے 89جھونپڑیوں اور 12گھروں سمیت جملہ 101گھروں کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ 26مویشی اور بکریاں تیز ہواوں اور شدید بارش کی وجہ سے مرگئیں۔ طوفان کی وجہ سے 380درختوں کے اکھڑجانے کی اطلاع ہے جنہیں بعد میں ہٹا دیا گیا ہے ۔ریاستی حکومت نے جملہ 2085راحتی کیمپ قائم کئے تھے جن میں 93,030مرد اور 94,105 خواتین اور 40,182بچوں سمیت 2,27,317افراد کو ٹہرایا گیا۔ حکومت نے اس کے علاوہ 921طبی کیمپ، 234موبائل کیمپ قائم کئے ہیں جن سے 73,491افراد نے استفادہ کیا ہے ۔تیز ہواوں کی وجہ سے 19بجلی کے کھمبے گر گئے تھے لیکن بعد میں محکمہ بجلی نے ان تمام کو پھر سے کھڑا دیا ہے ۔ سمندری طوفان کی وجہ سے 14ایکڑ میں پھیلے کیلے کے درختوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ سمندری طوفان پڈوچیری کے ساحل کو پار کرنے کے بعد کمزور پڑگیا ہے۔سمندری طوگان نیوار کے زیر اثر آندھرا پردیش اور دیگر ساحلی علاقوں میں بھی تباہی ہوئی ۔ چیف منسٹر اے پی جگن موہن ریڈی نے انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے ۔