ظہیر الدین علی خان کا انتقال جمہوری طاقتوں کا عظیم نقصان

,

   

غدر کی آخری رسومات میں جان بوجھ کر لاٹھی چارچ کروایا گیا ۔ مینیجنگ ایڈیٹر سیاست کی موت کیلئے چیف منسٹر کے سی آر ذمہ دار ۔ ماؤیسٹ ترجمان جگن کا بیان

حیدرآباد ۔ 11 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : روزنامہ سیاست کے منیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین علی خاں کے انتقال پر ماویسٹ پارٹی نے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ظہیر الدین علی خاں کے موت کا چیف منسٹر کے سی آر کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ ماویسٹ پارٹی کے ترجمان جگن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں چیف منسٹر کو موت کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں کا انتقال جمہوری طاقتوں کا عظیم نقصان ہے ۔ منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اور ملک کی سیکولر طاقتیں اور جمہوریت پسند افراد ظہیر الدین علی خاں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ماویسٹ پارٹی نے کیا ۔ ماویسٹ پارٹی کے ترجمان جگن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں پارٹی کی جانب سے ظہیر الدین علی خاں کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ ماویسٹ پارٹی نے مینیجنگ ایڈیٹر سیاست کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے افراد خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔ تاہم ان کی موت پر ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ماویسٹ ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ انہیں اخبارات کے ذریعہ یہ اطلاع حاصل ہوئی ۔ ماویسٹ ترجمان نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو جناب ظہیر الدین علی خاں کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا اور چیف منسٹر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کی ہٹ دھرمی اور آمرانہ فیصلوں کے سبب ایسے نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ ماویسٹ ترجمان جگن نے کے سی آر پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے جان بوجھ کر غدر کی آخری رسومات میں لاٹھی چارج کروایا اور سی ایم کے منصوبہ کے مطابق ہی جان بوجھ کر حالات ایسے پیدا کیے گئے تاکہ بھگڈر مچے اور اس بھگڈر کے سبب ایک عظیم ہستی دنیا سے چلی گئی ۔ ماویسٹ پارٹی نے کہا کہ جناب ظہیر الدین علی خاں انصاف پسند اور نڈر شخصیت کے حامل تھے اور کئی مواقع پر انہوں نے انسانی حقوق تنظیموں کی سرپرستی کی ۔ کبھی بھی انہوں نے انصاف کے لیے آواز بلند کرنے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔ بے باکی ، دیانتداری اور پریشان حال عوام کی مدد بالخصوص انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف وہ ہمیشہ اپنا موقف انصاف کے حق میں پیش کرتے تھے ۔ عراق پر امریکہ کی جنگ ہو یا پھر ملکی سطح پر گجرات کے علاوہ دیگر مقامات پر مسلم اقلیتوں کے خلاف ظلم ، ظہیر الدین علی خاں نے ہمیشہ اپنی آواز بلند کی اور ہر لحاظ سے پریشان حال عوام کی خدمت کرتے تھے ۔ مسلمانوں کے حقوق اور ان میں شعور بیداری کے ساتھ ساتھ ہمیشہ ان کی رہنمائی کرتے تھے ۔ چند طاقتوں کی جانب سے ان کے راستہ میں رکاوٹیں حائل کی گئیں لیکن ظہیر الدین علی خاں نے کبھی کسی کی پرواہ نہیں کی ہمیشہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے عوام مسائل کی یکسوئی حق اور انصاف کی جدوجہد میں مصروف رہتے تھے۔ ماویسٹ پارٹی کے ترجمان نے جناب ظہیر الدین علی خاں کی خدمات کو پارٹی کی جانب سے زبردست خراج پیش کیا اور تعزیت پیش کرتے ہوئے افراد خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔