عآپ کے محمد اقبال دہلی کے ڈپٹی میئر بن گئے

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے کونسلر محمد اقبال چہارشنبہ کو دہلی کے ڈپٹی میئر کے طور پر منتخب ہوئے، ان کی پارٹی کی شیلی اوبرائے کو ایوان کی تین ملتوی میٹنگوں کے بعد میئر منتخب ہونے کے فوراً بعد یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ڈپٹی میئر کے انتخابات میں عآپ امیدوار نے کل 147 ووٹ حاصل کیے، جب کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوارکمل باگری کو صرف 116 ووٹ ملے۔ دو ووٹ غلط پائے گئے۔ مشرقی دہلی سے بی جے پی کے رکن پارلیمان گوتم گمبھیر ڈپٹی میئرکے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالنے کے لیے حاضر نہیں تھے۔ بی جے پی اور اے اے پی کونسلروں کے درمیان ہنگامہ آرائی کے بعد6 اور 24 جنوری اور 6 فروری کو ہونے والی پچھلی تین میٹنگیں بغیر رائے دہی کے ملتوی کردی گئیں۔ ایم سی ڈی ہاؤس کا 6 فروری کو ہونے والا اجلاس ایلڈرمین کے حق رائے دہی کے مسائل پر نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کے درمیان ملتوی کر دیا گیا تھا۔