عادل آباد ایئرپورٹ سے شہری ہوابازی خدمات کو منظوری

   

حیدرآباد 5اپریل(یواین آئی)علاقائی رابطے کو فروغ دینے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے عادل آباد ایئر فورس ایئرپورٹ پر ہوابازی خدمات شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ فیصلہ عادل آباد کے عوام کے ایک طویل عرصہ کے مطالبہ کی تکمیل کی سمت ایک اہم قدم ہے ۔ آج ایک بیان میں، مرکزی وزیر اور بی جے پی تلنگانہ صدر جی کشن ریڈی، جنہوں نے اس اقدام کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا، نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، اور وزیر شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ شہری ہوابازی خدمات کے ساتھ ایئر فورس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ بھی قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت ‘اڑان’ اسکیم کے تحت رابطے اور تجارت، خاص طور پر زرعی اعتبار سے مالا مال عادل آباد میں، فروغ دے گی۔انہوں نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ ایرپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تیز کرنے اراضی کے حصول کے عمل میں تیزی لائے ۔