عادل آباد میں مختلف فلاحی تنظیموں کی جانب سے مستحقین میں اشیائے خورد و نوش کی تقسیم

   

عوام کی خدمت انجام دینے والے محکمہ صحت و محکمہ پولیس ملازمین کیلئے بھی فروٹس اور پینے کے پانی کی فراہمی
عادل آباد۔/3 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)گزشتہ ہفتہ سے جاری حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے پیش نظر روز مرہ کی عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ جان لیوا خطرناک بیماری کورونا وائرس سے بچنے کی غرض سے لوگ اپنے آپ کو اپنے مکانوں تک محدود کرچکے ہیں۔ ایسی صورتحال میں روز مرہ کی اجرت کے ذریعہ اپنی زندگی کا گذارہ کرنے والے افراد کی زندگی متاثر ہوچکی ہے۔ چنانچہ عادل آباد کی مختلف فلاحی تنظیموں کی جانب سے انہیں راحت پہنچانے کی غرض سے اپنے اپنے طور پر اشیائے خورد و نوش کی تقسیم عمل میں لانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ عادل آباد جماعت اسلامی کے تحت مسرس تنویر، سید یعقوب، امجد علی، عبدالحسیب، سید سراج الدین اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مستقر عادل آباد کے بیشتر مقامات پر 1550 راشن پیاکٹس فی پاکٹ 510/- روپئے کے تحت تقسیم عمل میں لاچکے ہیں جبکہ مزید 200 پیاکٹس دیہاتی سطح پر ضرورت مندوں میں تقسیم کی غرض سے محفوظ کئے ہوئے ہیں۔ ہیومن ویلفیر آرگنائزیشن جنرل سکریٹری مسٹر انتخاب عالم، عزیز پاریکھ ، تنویر احمد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک ہزار راشن پیاکٹس کا نشانہ مقرر کرتے ہوئے فی الحال 700 پیاکٹس فی پیاکٹ ایک ہزار روپئے لاگت کا تیار کرچکے ہیں اور ان راشن پیاکٹس کو مستقر عادل آباد کے اطراف واکناف کے مواضعات میں موجودکسمپرسی کی زندگی گذارنے والوں میں تقسیم کرنے کی غرض سے پولیس سے اجازت طلب کی جارہی ہے۔ دارالانصار ویلفیر سوسائٹی صدر سید ندیم الدین قاضی، حافظ عارف خان، عطاء اللہ خان، حافظ خضر یافعی، اجو حسین، شیخ محسن، محمد شفیع، حافظ معز الدین، مقامی صورتحال سے دوچار افراد خاندان کو راحت پہنچانے کی خاطر 1500 راشن پیاکٹس کا نشانہ مقرر کرتے ہوئے جہاں اس کام کو انجام دے رہے ہیں وہیں دوسری طرف عوام کے تعاون کی غرض سے ہمہ وقت خدمات انجام دینے والے محکمہ ہیلت اور محکمہ پولیس کے ملازمین و عہدیداروں میں فروٹ، کولڈرنک، پینے کا صاف و شفاف پانی کے باٹل فراہم کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں رمس دواخانہ اور چاندہ ٹی میں موجود تقریباً ایک سو افراد جو پڑوسی ریاست مہاراشٹرا سے عادل آباد میں داخل ہوئے تھے جن کا تعلق کریم نگر، کھمم اور حیدرآباد کے مختلف مقامات سے بتایا گیا ہے جنہیں حکومت کے علاوہ تنظیم کی جانب سے کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ کانگریس مینارٹی ضلع صدر مسٹر ساجد خان نے اپنے ساتھیوں مسرس ایم اے شکیل، جابر احمد و دیگر کے ہمراہ راشن اور ترکاری کے پیاکٹس ضرورت مند افراد اور خاندانوں میں تقسیم کرنے کے علاوہ مختلف شاہراہوں پر خدمات انجام دینے والے پولیس ملازمین میں فروٹ، پانی کے پیاکٹس اور کولڈرنک وغیرہ کی تقسیم کا کام انجام دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ادارہ فیض القاسم نعمانیہ حرا پور اندرویلی کے زیراہتمام اندرویلی ، گوڈی ہتنور، حرا پور، کیسلا گوڈہ، متنور، دھنورا، توشم، جواہر نگر، ڈونگر گاؤں، متور، شانتاپور کے مستحق خاندانوں میں تقریباً پچاس ہزار سے زائد رقم کے 170 راشن پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جبکہ ادارہ کے صدر مسٹر داود، مفتی محمد عرفان مظاہری اور دیگر افراد اس کام کو بلالحاظ مذہب و ملت انجام دے رہے ہیں۔