عادی سارقین کی دو رکنی ٹولی گرفتار، مسروقہ زیورات ضبط

   

حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے عادی سارقین کی دو رکنی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات اور نقد رقم ضبط کرلی۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہاکہ اِس ٹولی کا سرغنہ 40 سالہ سید مجید ساکن شاہین نگر بالاپور ہے، وہ اپنے ساتھی 32 محمد محسن علی کی مدد سے سرقے کیا کرتا تھا۔ پولیس کمشنر نے کہاکہ سید مجید معاشی پریشانیوں سے تنگ آکر سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہونے لگا اور اب تک اُس نے حیدرآباد اور سائبرآباد کمشنریٹ حدود میں 40 سے زائد سرقے کئے۔ مذکورہ سارق کو 2015 ء میں پی ڈی ایکٹ کے تحت ایک سال کے لئے جیل بھیجا گیا تھا اور بعدازاں 2017 ء میں پھر ایک مرتبہ بہادر پورہ پولیس نے اُس پر پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے جیل بھیجا تھا۔ مذکورہ سارق اپنے ایک ساتھی محمد محسن علی کی مدد سے مقفل مکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے سرقے کیا کرتا تھا۔ محسن علی بھی جرائم کے پس منظر کا حامل ہے اور سابق میں وہ کئی مرتبہ جیل جاچکا ہے۔ 2 جولائی کو مذکورہ سارقین نے ٹپہ چبوترہ علاقہ میں سرقے کی سنگین واردات انجام دی تھی اور پولیس نے اِس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس نے گرفتار سارقین کے قبضہ سے 246 گرام مسروقہ طلائی زیورات اور 50 ہزار نقد رقم ضبط کرتے ہوئے اُنھیں پولیس اسٹیشن ٹپہ چبوترہ کے حوالہ کردیا۔