عازمین حج و عمرہ اللہ کے مہمان

   

مدینہ منورہ میں ذکر اللہ و تلاوت قرآن کی تلقین : رضوانہ زرین

حیدرآباد /28 جولائی ( راست ) مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل جامعتہ المومنات نے جامعتہ المومنات مغل پورہ میں منعقدہ خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج اللہ کی مفروضہ عبادتوں میں سے ایک عبادت ہے اور اسلام کا آخری رکن ہے ۔ حج بیت اللہ ان ہی لوگوں پر فرض ہے جو وہاں جانے کی استطاعت رکھتے ہیں ۔حضور ﷺ نے فرمایا حج اور عمرہ کرنے والے اللہ کے وفد اور اس کے مہمان ہیں اگر وہ اس سے مانگتے ہیں تو وہ انہیں عطا کرتا ہے اور اس سے مغفرت چاہتے ہیں تو وہ ان کی مغفرت فرماتا ہے ۔ وہ شخص جو کعبتہ اللہ کا سات مرتبہ طواف کرتا ہے اس کو اللہ تعالی ہر طواف کے بدلے میں حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے دس غلام آزاد کرنے کا ثواب دے گا اور جس نے صفاء و مروہ میں سعی کی اللہ تعالی پل صراط پر ثابت قدم رکھے گا ۔ سات مرتبہ طواف کرنا ایک عمرہ کے برابر ہے ۔ اجتماع کا آغاز قاریہ شفاء ناز کی قرات اور حافظ محمدی زرین رومانہ کی نعت شریف سے ہوا ۔ نظامت کے فرائض قاریہ صباء قادری انجام دئے ۔ سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے مفتیہ رضوانہ زرین نے کہا کہ حضور ﷺ نے فرمایا مسجد حرام میں ایک نماز کا ادا کرنا ایک لاکھ نمازوں کے برابر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضور ﷺ نے فرمایا جس نے حج بیت اللہ کیا اور میری زیارت کی گویا وہ میری حیات میں زیارت کی اور فرمایا کہ جس نے میرے مزار کی زیارت کی اس پر میری شفاعت لازمی ہے ۔ جب کوئی شخص مدینہ منورہ کی زیارت کو جاتا ہے اور اپنے گناہوں کی معافی مانگتا ہے تو اللہ تعالی اس کے گناہوں کو معاف فرمادیتا ہے ۔ جب مدینہ منورہ کو جائیں تو ادب کا لحاظ رکھتے ہوئے درود شریف کا ورد کرتے ہوئے جائیں ۔ انہوں نے خواتین کو زور دیا کہ وہ لہولعب میں نہ پڑیں ۔ بلکہ اللہ کا ذکر قرآن کی تلاوت کریں اور حج کے دوران فرائض واجبات ، نوافل نمازوں کو پابندی سے ادا کریں اور مناسک حج کو اچھے انداز سے ادا کریں ۔ عورتوں کو چاہئے کہ پردہ کا اہتمام کریں ۔ حج کے بعد بھی ہم صالح معاشرہ کی تشکیل کیلئے جدوجہد کریں ۔ اس کے علاوہ حافظہ نورین ، حافظ رمصیاء افشین ، قاریہ ریشماں، تاج ، قاریہ افشاں بیگم ، قاریہ واجدہ خاتون ، قاریہ عظمی الحسنی ، قاریہ انجم فاطمہ ، قاریہ آصفہ وغیرہ خطاب کئے ۔ دعاء و سلام پر اجتماع کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔