تلنگانہ کے عازمین کیلئے ناظم رباط حسین شریف کو سابق سی ای او شفیع اللہ کا مکتوب
حیدرآباد۔5۔جنوری(سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں موجود نظام رباط میں تلنگانہ کے عازمین حج کو حج 2024 کے دوران قیام کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے سابقہ اکزیکیٹیو آفیسر جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے انہیں ہٹائے جانے سے قبل جناب حسین شریف ناظر رباط کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی اور کہا کہ حیدرآباد رباط میں حج بیت اللہ کے لئے پہنچنے والے عازمیں حج میں ایک ہزار سے زائد عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم کی جاتی رہی ہے جس کے نتیجہ میں عازمین حج کو بڑی راحت حاصل ہوتی ہے۔جناب شفیع اللہ نے ناظر رباط کو روانہ کردہ مکتوب میں بتایا کہ سال 2019 کے دوران نظام رباط حیدرآباد دکن میں 1250 عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم کی گئی تھی اور ناظر رباط کی بہتر کاوشوں کے نتیجہ میں اس تعدا د میں اضافہ کرتے ہوئے 1286 عازمین نے رباط میں مفت قیام کی معیاری سہولت حاصل کرتے ہوئے حج بیت اللہ کے اخراجات میں کمی سے استفادہ کیا تھا ۔انہو ںنے مکتوب میں بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے کئی عازمین حج 2024کے دوران بھی نظام حیدرآباد رباط میں قیام کے متمنی ہیں اور وہ تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کو اس سلسلہ میں نمائندگی کر رہے ہیں ۔ عازمین حج کی جانب سے موصول ہونے والی نمائندگیوں کی بنیاد پر روانہ کئے گئے اس مکتوب میں جناب حسین شریف سے اس بات کی خواہش کی گئی ہے کہ وہ حج 2024 کے دوران رباط میں قیام کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں اور قبل از وقت اگر وہ اس منظوری کو یقینی بناتے ہوئے ریاستی حج کمیٹی کو واقف کرواتے ہیں تو ایسی صورت میں سینکڑوں حجاج اکرام مفت قیام مکہ کی سہولت سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔جناب ایم بی شفیع اللہ کی جانب سے ناظر رباط کو روانہ کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ اگر وہ سابق ریاست دکن حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عازمین کے لئے مفت قیام کی سہولت کے احیاء کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بناتے ہیں تو حج کمیٹی ناظر رباط کی شکر گذار رہے گی ۔3