بیگم پیٹ ایر پورٹ کے استعمال کا مشورہ، رباط کے سلسلہ میں اوقاف کمیٹی اور ناظر سے محمد محمود علی اور محمد سلیم کی بات چیت
حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) عازمین حج کیلئے حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر خصوصی حج ٹرمنل اور مکہ مکرمہ میں رباط کے سلسلہ میں وزیر داخلہ محمد محمود علی اور صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے جی ایم آر عہدیداروں اور نظام اوقاف کمیٹی سے بات چیت کی ہے۔ جی ایم آر کے عہدیداروں کے ساتھ 30 مئی کو اجلاس طلب کیا گیا ہے جبکہ نظام اوقاف کمیٹی کے نمائندے یکم جون کو سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران حج کے عدم انعقاد کے نتیجہ میں حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر عارضی حج ٹرمنل کو توسیعی کاموں کے سلسلہ میں منہدم کردیا گیا ہے۔ جاریہ سال مین ٹرمنل سے عازمین حج کی روانگی کا فیصلہ کیا گیا تاہم مین ٹرمنل کی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے وزیر داخلہ محمد محمود علی اور صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے جی ایم آر حکام سے ربط قائم کیا۔ جی ایم آر کمپنی سے خواہش کی گئی کہ انٹر نیشنل ٹرمنل کے تحت موجود مختلف بلاکس میں سے کسی ایک ٹرمنل کو خالص عازمین حج کیلئے مختص کیا جائے۔ وزیر داخلہ اور صدرنشین حج کمیٹی نے تجویز پیش کی ہے کہ اگر انٹر نیشنل ٹرمنل پر علحدہ گوشہ الاٹ کرنے میں دشواری ہو تو عازمین حج کی خصوصی پروازوں کو بیگم پیٹ ایر پورٹ سے چلایا جائے جہاں عازمین باآسانی روانہ ہوسکتے ہیں۔ بیگم پیٹ ایر پورٹ اہم شخصیتوں کی آمد و رفت کے باعث کارکرد ہے لہذا عازمین حج کی خصوصی پروازوں کو وہاں سے روانہ کیا جاسکتا ہے اور واپسی بھی وہیں سے عمل میں آسکتی ہے۔ جی ایم آر حکام نے حج کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے 30 مئی کو جواب دینے کا تیقن دیا ہے۔ وزیر داخلہ اور صدر نشین حج کمیٹی نے ناظر رباط حسین شریف سے بات چیت کی اور عزیزیہ کے کسی علاقہ میں عازمین کیلئے عمارت کرایہ پر حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ صدرنشین حج کمیٹی عمرہ کو روانگی کے موقع پر ناظر رباط کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ وزیر داخلہ نے نظام اوقاف کمیٹی کے ذمہ داروں سے بھی فوری متحرک ہونے کی خواہش کی۔ اوقاف کمیٹی کے ٹرسٹی یکم جون کو سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں۔ اسی دوران حکومت کے مشیر اے کے خاں نے جدہ میں موجود ہندوستانی قونصل جنرل سے بات چیت کی اور رباط کی اجازت کے سلسلہ میں کارروائی کا مشورہ دیا۔ر