عازمین حج کیلئے ’ڈیجیٹل کارڈ‘ اورمسجد الحرام میں کیڑے مار دوا کا منصوبہ

   

مکہ مکرمہ : وزارت حج وعمرہ کی جانب سے آئندہ حج میں عازمین کو منظم خدمات فراہم کرنے کیلیے ڈیجیٹل کارڈز کے منصوبے کو حتمی طورپر منظور کرلیا گیا ہے۔ڈیجیٹل کارڈز کے ذریعہ عازمین حج کے بارے میں تمام معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔ ڈیجیٹل کارڈز ’این ایف سی‘ سسٹم کے تحت کام کریں گے جنہیںا سکین کرکے تمام معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت حج و عمرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ نئے جاری کیے جانے والے ڈیجیٹل کارڈ کا تجربہ محدود پیمانے پر حج 1440 ہجری میں کیا گیا تھا۔آئندہ حج سیزن 1442 ہجری میں تمام عازمین کے لیے ڈیجیٹل کارڈز جاری کیے جائیں گے۔ تجرباتی طور پر حج 1440 ہجری میں صرف 50 ہزار عازمین کو ڈیجیٹل کارڈز جاری کیے گئے تھے۔تجرباتی مرحلے کا مقصد ڈیجیٹل کارڈز کی افادیت کو جانچنا تھا۔ کارڈز کے حوالے سے کامیاب تجربے کے بعد آئندہ حج میں اسے مکمل طور پر جاری کیاجائے گا۔مجوزہ ڈیجیٹل کارڈز کے بارے میں وزارت کا کہنا ہے کہ نئے تیار کئے جانے والے کارڈز میں ’بارکوڈ‘ کے ذریعہ عازم حج کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جاسکیں گی جن میں عازم حج کی رہائش ، آمد و روانگی کا پروگرام ، مشاعر مقدسہ میں ان کے قیام کا مقام ، حج پرمٹ وغیرہ کے بارے میں کارڈ کو سکین کرکے معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعہ مشاعر مقدسہ میں خودکار مشینوں کے ذریعے حجاج کے رہائشی خیموں کے بارے میں بھی آسانی سے معلوم کیا جا سکے گا۔نئے ڈیجیٹل کارڈز کے ذریعے غیر قانونی طور پر حج کے لیے جانے والوں کے بارے میں بھی آسانی سے معلوم ہوسکے گا۔ نئے کارڈز صرف قانونی طور پر حج کرنیوالوں کو ہی جاری کیے جائیں گے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق حر م شریف انتظامیہ میں ماحولیات کے تحفظ اور وبا کے انسداد کے لیے کام کرنے والی کمیٹی کے سربراہ حسن السویہری نے کہا ہے کہ ’حرم کو حشرات سے پاک رکھنے کے لیے 24 گھنٹے کام ہو رہا ہے‘۔انہوں نے کہا ہے کہ ’حرم کے اندرونی وبیرونی حصوں میں صفائی کے لیے 150 سے زیادہ آلات کے علاوہ کیڑے مار دوا چھڑکی جارہی ہے ۔’حرم کے اندرونی حصوں کے علاوہ مصلوں میں حشرات کے لیے خصوصی قسم کاا سپرے استعمال کیا جاتا ہے جو نمازیوں کے لیے نقصان دہ نہ ہو‘۔’اسی طرح حرم کے بیرونی احاطے اور صحنوں میں بھی صفائی کا کام مسلسل ہو رہا ہے، سپرے اور خصوصی آلات کا بھی استعمال جاری ہے‘۔’زائرین حرم کو سہولتیں فراہم کرنے اور انہیں روحانی ماحول فراہم کرنے کے لیے کمیٹی انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس کی ہدایات پر کام کر رہی ہے‘۔