عالمی برادری سے فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرنے حماس کا مطالبہ

   

بیروت : فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں کو تحفظ فراہم کریں اور ان کے خلاف اسرائیل کے وحشیانہ جرائم کو روکیں۔حماس کی جانب سے ایک تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن اور مغربی ممالک کی حمایت سے قابض اسرائیل کی خلاف ورزیاں جاری ہیں جو انتہا پسند حکومت کو نسل کشی جاری رکھنے کے لیے تعاون فراہم کرتی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل غزہ کے وسطی علاقوں میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے جہاں خاص طور پر شمالی اور جنوبی علاقوں سے لاکھوں افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔بیان میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ اسرائیل نے 10 ماہ سے براہ راست اور جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانا جاری رکھا ہے جو کہ اجتماعی سزا اور نسلی تطہیر کی بدترین شکلوں میں سے ایک ہے اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی خاموشی ختم کریں اور تحفظ کی ذمہ داری لیں۔ ان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے کیے گئے وحشیانہ جرائم کو روکنے کے لیے کام کریں اور انھیں ان جرائم کے ارتکاب کے لیے جوابدہ ٹھہرائیں۔