عالمی سطح پر نیو انڈیا کی مضبوط موجودگی کا احساس :اڈانی

   

لکھنؤ: اڈانی گروپ کے صدر اور ایم ڈی گوتم اڈانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے کامیاب قیاد ت میں معتدل اور شمولیتی ترقی کی سمت میں ملک تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ اور تمام عالمی پلیٹ فارم پر اپنی مضبوط موجودگی درج کرارہا ہے ۔یوپی انوسٹر سمٹ کی تیسری گراونڈ بریکنگ سریمنی سے خطاب کرتے ہوئے اڈانی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نئے ہندوستان اور نئے اترپردیش کی تعمیر میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ترقی کے گجرات ماڈل کو اترپردیش نے اپنایا ہے جس کی پیروی دیگر ریاستوں کے ذریعہ بھی کئے جانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی 16فیصدی آبادی کی قیادت کرنے والااترپردیش بہتر نظم ونسق اور بہتر حکمرانی کے ذریعہ ہندوستان کا سب سے اعلی صوبہ بن چکا ہے ۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی دوراندیشی، نظم و ضبط سے پر طرز زندگی اور کام کے تئیں ایمانداری کا جذبہ کا اس میں اہم کردار ہے ۔اڈانی نے کہا کہ ہم یوپی ڈیفنس کاریڈور میں پرائیویٹ شعبے کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرنے جارہے ہیں۔ کانپور میں آرڈیننس مینوفیکچرنگ پراجیکٹ قائم کیا جائے گا۔ جو جنوبی ایشاء کا سب سے بڑا مرکز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم 70ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کی سرمایہ کاری یوپی میں کرنے جارہے ہیں۔ہمیں امید ہے کہ اس سے 30ہزار نئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔ ان میں سے 11 ہزارکروڑ روپئے ٹرانسمیشن، گرین انرجی، پانی اور ڈیٹاسنٹر بزنس کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جاچکی ہے ۔ ہم 24ہزار کروڑ روپئے سڑک اورٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں گے جبکہ 35 ہزار کروڑ روپئے کثیر المقاصد لاجسٹک اور دفاعی شعبے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔