امریکہ کی سات کمپنیوں کو سبقت،ویزا کی مارکیٹ سرمایہ کاری 773 بلین ڈالر
حیدرآباد، 18 نومبر (سیاست نیوز):عالمی مالیاتی ٹیکنالوجی اداروں کی مارکیٹ سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ بینکنگ کی خدمات کو آسان اور عصری ٹیکنالوجی سے آراستہ کرتے ہوئے ان اداروں نے کسٹمرز کو کئی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ عالمی فن ٹیک کمپنیوں یا اداروں سے مراد ایسے روایتی بینکنگ اور مالیاتی خدمات انجام دینے والے ادارے ہیں جو جدید ٹکنالوجی کے ذریعے کسٹمرز کو بہتر خدمات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کمپنیوں نے اپنی خدمات کو مزید آسان اور تیز بنا دیا ہے۔ کمپنیوں کے سبب کسٹمرز بینک گئے بغیر موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعے گھر بیٹھے رقومات کی منتقلی، قرض کا حصول، سرمایہ کاری اور آن لائن ادائیگی جیسی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ عالمی مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں ٹاپ ٹین کمپنیوں کی نشان دہی کی گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عالمی مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی بہتر مارکیٹ سرمایہ کاری میں سات کمپنیوں کا تعلق امریکہ سے ہے۔ امریکہ کی ویزا کمپنی کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے جس کی مارکیٹ سرمایہ کاری 725 تا 773 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماسٹر کارڈ، جس کا تعلق امریکہ سے ہے ، دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کمپنی کی مارکیٹ سرمایہ کاری 540 تا 563 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ تیسرے مقام پر امریکہ کی اسٹرائپ کمپنی ہے جس کی مارکیٹ سرمایہ کاری 159 بلین ڈالر درج کی گئی ہے۔ برطانیہ کی ریولٹ کمپنی 115 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ چوتھے مقام پر ہے۔ چین کے اینٹ گروپ کو پانچواں مقام حاصل ہوا ہے جس کی مارکیٹ سرمایہ کاری 103 بلین ڈالر ہے۔ باقی فہرست میں برازیل کی نو بینک کمپنی شامل ہے جس کی مارکیٹ سرمایہ کاری 70 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ٹاپ 10 فہرست میں امریکہ کی پے پال آخری نمبر پر ہے جس کی مارکیٹ سرمایہ کاری 48 تا 51 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔1