عالمی یوم خواتین پر ’ آروگیہ مہیلا ‘ اسکیم کا آغاز : ہریش راؤ

   

سرکاری دواخانوںمیںہر منگل خواتین کیلئے مختص ۔ ضلع کلکٹرس کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد 4 مارچ ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ کی جانب سے عالمی یوم خواتین کے موقع پر آروگیہ مہیلا اسکیم کا آعاز کیا جائیگا ۔ یہ پہل سرکاری ہیلت کئیر مراکز میں ہفتے میں ایک بار صرف خواتین کیلئے نگہداشت صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر یہ اسکیم شروع کی جا رہی ہے اور اس کا مقصد خواتین کی صحت میں بحیثیت مجموعی بہتری لانا ہے ۔ آروگیہ مہیلا کا آغاز 8 مارچ کو پہلے مرحلے میں 100 نگہداشت صحت کے مراکز میں کیا جائیگا ۔ اس کے بعد 1200 سرکاری ہیلت کئیر مراکز بشمول ہیلت کئیر مراکز ‘ اربن پرائمری ہیلت سنٹرس اور بستی دواخانوں میں بھی اسے آئندہ مہینوں میں وسعت دی جائے گی ۔ محکمہ صحت نے ہر ہفتے میں منگل کے دن سرکاری دواخانوں میں صرف خواتین کیلئے خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے ضلع کلکٹرس و محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آٹھ بیماریوں کی نشاندہی کی ہے جن کا اکثر و بیشتر خواتین کو سامنا رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد خواتین کی مکمل بہتری کو یقینی بنانا ہے ۔ حکومت آروگیہ مہیلا اسکیم پر موثر عمل آوری کیلئے ایک ایپ لانچ کرنے پر بھی غور کر رہی ہے جس کے ذریعہ اس اسکیم کی نگرانی کی جاسکے گی اور سرکاری ڈائگناسٹک لیبارٹریز کے ذریعہ بھی نگرانی کی جائیگی ۔ ٹی ڈیاگناسٹکس کے ذریعہ جملہ 57 طرح کے معائنے خواتین کیلئے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایریا ہاسپٹلس اور ٹیچنگ ہاسپٹلس کو خواتین کیلئے ریفرل مراکز بنایا جائیگا ۔ تمام ایریا ہاسپٹلس میں خواتین کی رہنمائی کیلئے خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کئے جائیں گے ۔ آروگیہ مہیلا اسکیم کے تحت ذیابطیس ‘ ہائپر ٹنشن ‘ انیمیا اور دیگر چھوٹے معائنے کئے جائیں گے ۔ زبان ‘ بریسٹ کینسر اور سرویکل کینسر کے معائنے کئے جائیں گے ۔ تھائیراڈ کا ٹسٹ بھی کیا جائیگا ۔