عامر اور عماد پر خواتین سے بدتمیزی کا الزام

   

دبئی ۔ 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستا ن سوپرلیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی کراچی کنگز کے خلاف22 رنز کی جیت کے بعد پیش آئے ناخوشگوار واقعہ کے بعد لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم اورکپتان عماد وسیم اور فاسٹ بولر محمد عامر کے خلاف میچ ریفری کو باضابطہ شکایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور محمد عامر کے خلاف لاہور قلندرز کی خواتین کو گالیاں دینے اور نازیبا اشارے کرنے کا سنگین الزام سامنے آیا ہے جس کے بعد لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے میچ ریفری روشن ماہاناما سے تحریری شکایت کی ہے۔ دوسری جانب کراچی کنگز کی انتظامیہ کی جانب سے بھی میچ ریفری کو شکایت میں کہا گیا ہے کہ وسیم اکرم کو اسٹینڈز سے انتہائی نامناسب نام سے پکارا گیا جس کے بعد صورتحال خراب ہوئی۔پی سی بی نے کہا ہے کہ میچ ریفری کی رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب عینی شاہدین نے کہا ہے کہ لاہور کی جیت کے بعد عماد وسیم اور محمد عامر نے لاہور قلندرز کے انکلوژر میں خواتین کی جانب نازیبا اشارے کئے اور گالیاں دیں۔ سکیورٹی حکام نے دو تماشائیوں کو حراست میں لیا ، تاہم بعد میں چھوڑ دیا گیا۔ سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے اس تماشائی کی نشاندہی کر لی گئی ہے جس نے وسیم اکرم کو نامناسب نام سے پکارا تھا۔