عامر ماگرے کی نعش بھی لواحقین کو واپس دی جائے :محبوبہ مفتی

   

سرینگر: پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور سی پی آئی (ایم) لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے حیدر پورہ انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے عامر ماگرے کی لاش کو لواحقین کو دینے کا مطلبہ کیا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے جمعہ کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ حیدر پورہ انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے عامر ماگرے کی نعش بھی ابھی تک ان کے سوگوار لواحقین کو مناسب تدفین کے لئے واپس نہیں دی گئی۔ ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ‘حقیقت یہ ہے کہ یہ کنبے انصاف کا تقاضا کرنے کے بجائے میتوں کی واپسی کی بھیک مانگ رہے ہیں جس سے ان کے نظام میں عدم اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے ، ان کی نعش کو بھی لواحقین کو واپس دیا جانا چاہئے۔ دریں اثنا سی پی آئی (ایم ) کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے جمعے کے روز اپنے ایک بیان میں حکومت سے عامر ماگرے کی نعش کو لواحقین کے حوالے کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بیان میں کہا: ‘اب یہ بات بھی ثابت ہوئی ہے کہ عامر احمد ماگرے ساکن رام بن بھی ایک عام شہری ہی تھا ان کے والد لطیف احمد ماگرے کو اسٹیٹ بہادری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔