عامر کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کریں:سچن

   

نئی دہلی۔15 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے سابق کپتان سچن تنڈولکر نے اتوارکو پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ کے لیے ہندوستانی بیٹسمینوں کو محمد عامر کے خلاف جارحانہ انداز اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ اتوارکو روایتی حریف پاکستان اور ہندوستانی ٹیموں کے درمیان مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا روایتی حریف کے خلاف ریکارڈ انتہائی ناقص ہے جہاں اسے ہندوستان کے خلاف ورلڈ کپ کے تمام 6میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے لیے واحد اچھی خبر فاسٹ بولر محمد عامر کی فارم میں واپسی ہے جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 30 رنز کے عوض 5 وکٹیں لی ۔ سچن نے میچ کے لئے ہندوستانی کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ عامر کے خلاف منفی سوچ سے نہ جائیں اور ڈاٹ گیندیں نہ کھیلیں، کھلاڑی مثبت سوچ رکھیں اور موقع ملنے پر اپنے شاٹس کھیلیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ کچھ بھی مختلف کرنے کی کوشش نہ کریں اور مثبت انداز میں اپنا دفاع کریں اور تمام شعبوں میں جارحانہ کھیل پیش کریں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سچن کا ماننا ہے کہ پاکستانی ٹیم ہندوستان کے خلاف میچ میں روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کو ہدف بنائے گی۔ واضح رہے کہ ہندوستانی بیٹنگ لائن کا انحصار عموماً اپنے ابتدائی تین بیٹسمینوں شکھر دھون، روہت شرما اور ویراٹ کوہلی پر ہوتا ہے لیکن دھون زخمی ہونے کے سبب ورلڈ کپ میں آئندہ چند میچوں میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں لہٰذا روہت اورکوہلی پر ہی اصل دباؤ ہو گا۔ سچن نے کہا کہ روہت اور کوہلی ہندوستان کے سب سے تجربہ کار بیٹسمینس ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی ٹیم انہی دونوں کھلاڑیوں نشانہ بنائے گی کیونکہ اس سے میچ میں ان کی جیت کا امکان پیدا ہو جائے گا۔یاد رہے کہ چمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں محمد عامر نے روہت اور کوہلی کو جلد آوٹ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کی کامیابی کی بنیاد رکھی تھی۔