عام بجٹ عوام کیلئے نئے مواقع پر مبنی: مودی

,

   

نئی دہلی ۔یکم فروری : وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو کہاکہ مرکزی بجٹ برائے مالی سال 2022-23 صدی میں ایک مرتبہ پیش آنے والی عالمی وباء کے درمیان ترقی کے نئے بھروسے و اعتماد کے ساتھ سامنے آیا ہے اور یہ معیشت کے لئے طاقت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کے لئے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ بجٹ کی پیشکشی کے بعد اپنے ردعمل میں مودی نے کہاکہ عام بجٹ مزید انفراسٹرکچر ، سرمایہ کاری، ترقی اور نوکریوں کے لئے مواقع سے بھرپور ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ بجٹ گرین جاب سیکٹر کو مزید وسیع کرے گا۔ اِس سال کا بجٹ نہ صرف عصری مسائل کا حل پیش کرتا ہے بلکہ نوجوانوں کے لئے روشن مستقبل کو یقینی بھی بناتا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہاکہ زندگی کے ہر شعبے میں جدیدیت اور تکنیک کے لئے جستجو پیدا کی جارہی ہے۔ اِس کے لئے مختلف اقدامات ہوںگے جیسے کسانوں کے لئے ڈرون، وندے بھارت ٹرین ، ڈیجیٹل کرنسی، 5G سرویس اور نیشنل ڈیجیٹل ہیلت ایکو سسٹم ۔ اِس سے ہمارے نوجوانوں اور غریبوں کو فائدہ ہوگا۔

مودی کے یوٹیوب سبسکرائبر ایک کروڑ سے متجاوز
نئی دہلی۔یکم فروری : سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب پر وزیر اعظم نریندر مودی کے چینل کے سبسکرائبر کی تعداد منگل کو ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی۔مودی چینل 26 اکتوبر 2007 کو بنایا گیا تھا جب مودی گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ۔ وزیراعظم سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارم پر بھی متحرک ہیں۔ ٹویٹر پر ان کے 753 لاکھ فالوور، انسٹاگرام پر 651لاکھ اور فیس بک پر 468 لاکھ فالوور ہیں۔یوٹیوب پر مودی کے سبسکرائبر کی تعداد ملک کے کسی بھی بڑے لیڈر سے زیادہ ہے ۔ اپوزیشن لیڈروں میں کانگریس کے رہنما راہل گاندھی 5.25 لاکھ، ششی تھرور کے 4.39 لاکھ اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کے 2.12 لاکھ یوٹیوب سبسکرائبر ہیں۔