عبادت گاہوں، ہوٹلس و ریسٹورنٹس کو 8 جون سے کھولنے کی اجازت

,

   

اسکولس ، کالجس اور میٹروریل پر پابندی برقرار، لاک ڈائون رعایتوں کے بارے میں چیف سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد۔ 5 جون (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے 8 جون سے لاک ڈائون میں رعایتوں کے اعلان کے بعد تلنگانہ حکومت نے بھی لاک ڈائون کی رعایتوں اور 8 جون سے شروع ہونے والی خدمات کے بارے میں رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے ہیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے جی او ایم ایس 75 کے ذریعہ 8 جون سے شروع ہونے والی سہولتوں اور مزید تحدیدات والی سرگرمیوں کی نشاندہی کی ہے۔ کنٹینمنٹ زون کے علاقوں میں تحدیدات میں کوئی نرمی نہیں رہے گی جبکہ غیر کنٹینمنٹ علاقوں میں مرحلہ وار طور پر رعایتوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری کے احکامات کے مطابق ریاست میں اسکول، کالجس، ایجوکیشنل، ٹریننگ، کوچنگ ادارے، میٹرو ریل، سنیما ہالس، جمنازیم، سویمنگ پولس، انٹرٹینمنٹ پارکس، اسپورٹس کامپلکس، تھیٹرس، بارس، آڈیٹوریم اور اسمبلی ہالس پر بدستور پابندی برقرار رہے گی ۔ سماجی، سیاسی، کھیل کود، تفریحی، تعلیمی، تہذیبی اور مذہبی تقاریب کے انعقاد اور بڑے پیمانے پر عوام کے جمع ہونے پر پابندی جاری رہے گی۔ چیف سکریٹری کے احکامات کے مطابق 8 جون سے جن سرگرمیوں کے لیے رعایت رہے گی ان میں عبادت گاہیں عوام کے لیے کھول دی جائیں گی۔ ہوٹلس، ریسٹورانس اور دیگر ہاسپٹالیٹی سرویسس کے آغاز کی اجازت رہے گی۔ شاپس مالس کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ریاست بھر میں رات 9 تا صبح 6 بجے عوام کی نقل و حرکت اور تجارتی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی جسے نائٹ کرفیو کا نام دیا گیا ہے۔ ہاسپٹلس اور فارمیسی کو رات 8:30 بجے کے بعد بھی کھلا رکھنے کی اجازت رہے گی۔ عوام کے بین ریاستی سفر اور اشیاء کی منتقلی پر کوئی پابندی نہیں رہے گی۔ اس کے لیے علیحدہ اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہے۔ عوامی مقامات اور کام کے مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی رہے گا۔ عوامی مقامات پر سماجی فاصلے کے علاوہ کام کے مقامات کا باقاعدگی سے سانیٹائزیشن کیا جانا چاہئے۔ بڑے پیمانے پر عوامی اجتماع پر امتناع رہے گا تاہم شادیوں کی تقاریب میں زیادہ سے زیادہ 50 افراد اور تدفین و آخری رسومات میں 20 افراد کی شرکت کی اجازت رہے گی۔ 65 سال سے زائد عمر کے افراد، حاملہ خواتین اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو مکانات میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری کے احکامات کے مطابق کنٹونمنٹ زون میں 30 جون تک لاک ڈائون پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ صرف ضروری سرگرمیوں کی اجازت رہے گی۔