عبادت گاہیں کھل گئیں ، کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں بدستور اضافہ

,

   

شاپنگ مالس اور رسٹورنٹس بھی کھول دیئے گئے ، لاک ڈاؤن سے مرحلہ وار چھٹکارہ اور کورونا مریضوں کی تعداد میں کوئی مطابقت نہیں،اموات تقریباً 7,500

نئی دہلی ۔8 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) عبادت گاہیں ، رسٹورنٹس اور شاپنگ مالس ملک کے مختلف حصوں میں پیر کو دوبارہ کھول دیئے گئے جو کووڈ ۔19لاک ڈاؤن سے مرحلہ وار چھٹکارہ پانے کی کوشش ہے ، لیکن عالمی وباء ایسا لگتا ہے لگاتار بڑھتی جارہی ہے جیسا کہ تقریباً 10ہزار نئے کیسوں کی ریکارڈ تعداد کے ساتھ ملک گیر متاثرین 2.6لاکھ تک پہنچ گئے اور اموات تقریباً 7,500 ہوچلی ہیں ۔ ملک کا اقتصادی دارالحکومت ممبئی اس مہلک وباء سے بدترین متاثرہ شہر ہے ۔ تنہا ممبئی میں تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 50,000 سے آگے بڑھ گئی ہے اور فوت ہونے والوں کی تعداد 1,703 ہوچکی ہے، جہاں ہندوستان تصدیق شدہ کیسوں کی جملہ تعداد کے معاملہ میں کورونا سے متاثرہ ممالک میں امریکہ ، برازیل ، روس اور برطانیہ کے بعد پانچواں سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن چکاہے ، وہیں صرف ممبئی کے متاثرین کی تعداد جنوبی افریقہ ، نیدر لینڈ ، سویڈن ، یو اے ای ، سنگاپور ، پرتگال ، انڈونیشیاء ، سوئٹزرلینڈ ، یوکرین ، پولینڈ ، جاپان، آسٹریا ، ڈنمارک ، ساؤتھ کوریا ، ملائیشیاء ، آسٹریلیا ، فن لینڈ اور کئی دیگر ملکوں سے زیادہ ہے ۔ دہلی میں 1,007 نئے کیسوں کے ساتھ جملہ متاثرین کی تعداد تقریباً 30ہزار ہوگئی جب کہ فوت ہونے والوں کی تعداد 874ہے ۔قومی دارالحکومت میں اب یوکرین ، پولینڈ ، آئرلینڈ ، ارجنٹینا ، فلپائن ، اسرائیل ، جاپان و دیگر ممالک سے زیادہ کورونا معاملے درج ہوچکے ہیں ۔ ملک میں کورونا وائرس کے کیسمیں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9983 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسی مدت میں مزید 206 افراد ہلاک ہوگئے ۔پیر کے روز صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کوروناوائرس متاثرین کی تعداد 256611 ہوگئی ہے ، جبکہ اس وبا کی وجہ سے 7135 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ملک میں فی الحال 125381 کورونا وائرس کے فعال کیسز ہیں جبکہ 124095 افراد اس وبا سے چھٹکارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ اس وبا سے ملک میں ریاست مہاراشٹرا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ،جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 3007 نئے کیسز درج ہوئے ہیں اور 91 افراد کی موت ہو چکی ہے ، جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 85975 ہوگئی ہے اور اس جان لیوا وائرس سے متوفیوں کی تعداد 3060 ہوگئی ہے ۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ٹاملناڈودوسرے نمبر پر ہے ، جہاں متاثرہ افراد کی تعداد31667 اور269 اموات ہو چکی ہے جبکہ علاج کے بعد 16999 افراد کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔کووڈ ۔19 سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ملک کی مغربی ریاست گجرات بھی نمایاں ہے۔اب تک اس ریاست میں 20070 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1249 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کے علاوہ 13635 افراد اس مرض سے ٹھیک ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔راجستھان میں بھی کوروناوائرس شدت اختیار کرتا جاررہاہے ۔ اس ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد 10599 ہوگئی ہے اور 240 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، جبکہ 7641 افراد پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔اترپردیش ، اترکھنڈ ، پنجاب ، ہریانہ ، ہماچل پردیش ، آندھراپردیش ، تلنگانہ ، کرناٹک ، کیرالا ، پوڈچیری ، اڈیشہ ،آسام ، منی پور ، تریپورہ ، میزورم ، ناگالینڈ اور دیگر ریاستوں و مرکزی علاقوں میں بھی کورونا معاملے بڑھتے جارہے ہیں ۔