عبدالصمد مستقبل کا خاص کھلاڑی :یوراج سنگھ

   

نئی دہلی ۔ عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ کے بعد یوراج سنگھ نے بھی سن رائزرس حیدر آبادکے نوجوان کھلاڑی عبدالصمد کی تعریف کی ہے۔ پٹھان کی ٹویٹ کے جواب میں یوراج سنگھ نے لکھا کہ عبدالصمد نے بہت اعتماد ظاہرکیا ، مجھے لگتا ہے کہ یہ کھلاڑی آئندہ بھی خاص کھلاڑی ہوگا۔
آئی پی ایل2020 میں سن رائزرس حیدرآباد ٹیم کا سفر ختم ہو چکا ہے لیکن ٹیم اوراس کے کھلاڑیوں کی کارکردگی لوگوں کے دل اور ذہنوں میں بس گئی ہے ۔ دہلی کیپٹلز کے خلاف دوسرے کوالیفائر میں شکست کے ساتھ ٹیم کا تیسری مرتبہ یہ ٹرافی جیتنے کا خواب ٹوٹ گیا۔ حیدرآباد کی ٹیم نے پچھلے میچوں میں بہت زیادہ اچھی کرکٹ کھیلی جس کی تعریف بھی سب نے کی۔ حیدرآباد کے لئے جموں وکشمیر کے کھلاڑی عبد الصمد نے دوسرے کوالیفائر میچ میں دہلی کے خلاف16 گیندوں پر33 رنز کی اننگز کھیل کر سب کی توجہ مبذول کروائی ہے ۔ میچ کے بعد عرفان پٹھان نے اس کھلاڑی کی تعریف کی تھی جبکہ اب یوراج نے عبدالصمد کو مستقبل کا خاص کھلاڑی قرار دیا ہے ۔عرفان پٹھان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے عبد الصمد پر اتنا عظیم کردار اورپاور گیم دیکھ کر بہت فخر ہے ۔ عرفان پٹھان کے ٹویٹ کے جواب میں یوراج سنگھ نے لکھا کہ عبدالصمد نے بہت اعتماد ظاہر کیا ، مجھے لگتا ہے کہ یہ کھلاڑی آئندہ بھی خاص کھلاڑی ہوگا۔ عبدالصمد نے اس سیزن میں حیدرآباد کے لئے کچھ اچھی اننگزکھیلیں اور اپنے دھماکہ خیز انداز سے سب کو متاثرکیا۔عبد الصمد جموں وکشمیر کی طرف سے آئی پی ایل میں کھیلنے والے پہلے کھلاڑی ہیں ، انہیں خود وی وی ایس لکشمن اور عرفان پٹھان جیسے کھلاڑیوں نے دریافت کیا تھا۔ انہوں نے حیدرآباد کی جانب سے12 میچوں میں170.76 کی اسٹرائک ریٹ سے111 رنز بنائے جبکہ بولنگ میں انہوں نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ عبدالصمد نے اننگز کا آخری اوور بھی حیدرآباد کے لئے میچ میں کیا اور ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب رہے تھے ۔