حیدرآباد کی سیدہ سامیہ کو ایم ایس سی میڈیکل میں گولڈ میڈل
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ملت اسلامیہ میں ایسے طلباء و طالبات کی کمی نہیں جو غیر معمولی ذہین ہیں اور اپنی ذہانت کے ذریعہ دنیا کو اپنی مٹھی میں کرسکتے ہیں لیکن ایسے ہونہار طلباء وطالبات کو رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اپنی غیر معمولی ذہانت کے ذریعہ ملک و ملت کا نام روشن کرنے والے طلباء میں رحمانی 30 کے طالب علم عبید عالم بھی شامل ہیں جنہوں نے CMA نیشنل یوتھ کامرس اولمپیاڈ میں آل انڈیا رینک 1 حاصل کرلیا ۔ قومی سطح پر اس شاندار کامیابی پر انہیں ایک لاکھ روپئے نقد انعام بھی حاصل ہوا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا نیشنل یوتھ کامرس اولمپیاڈ NYCO ایک قومی سطح کا مقابلہ ہے جس میں طلباء کی کامرس ، مالیاتی معلومات تجزیاتی صلاحیت اور پیشہ وارانہ معلومات کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ اس مقابلے میں سارے ملک سے با صلاحیت طلبہ شریک ہوتے ہیں ۔ رحمانی 30 کے مطابق یہ کامیابی عبید عالم کی مسلسل محنت تعلیمی نظم و ضبط ، اساتذہ کی رہنمائی اور سرپرستوں کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے ۔ واضح رہے کہ رحمانی 30 کا کامرس پروگرام طلبہ کو چارٹرڈ اکاونٹنٹ (CA) کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاونٹنٹ (CMA) اور کمپنی سکریٹری ( CS ) جیسے باوقار پیشہ وارانہ کورسیس کی تیاری کراتا ہے ۔ دوسری طرف حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبہ سیدہ سامیہ بنت سید جمیل الرحمن نے بھی شاندار تعلیمی مظاہرہ کیا ۔ سامیہ نے ملاریڈی یونیورسٹی سے ایم ایس سی ( میڈیکل ) کے فائنل امتحان میں ساری یونیورسٹی میں فرسٹ رینک حاصل کیا ۔ یونیورسٹی کی تقریب تقسیم اسنادات میں سیدہ سامیہ کو گولڈ میڈل اور فرسٹ پوزیشن کا سرٹیفیکٹ عطا کیا گا ۔ یہ اعزاز انہیں نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس NIMS کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرینواس راؤ کے ہاتھوں عطا کیا گیا ۔ سیدہ سامیہ نے 250 طلباء وطالبات میں پہلا مقام حاصل کیا ۔۔