طلبا کے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ میں مشکلات کی شکایت
حیدرآباد۔8۔اگسٹ(سیاست نیوز) جامعہ عثمانیہ کے مرکز برائے فاصلاتی تعلیم پروفیسر رام ریڈی سنٹر فار ڈسٹنس ایجوکیشن کے پوسٹ گریجویشن امتحانات کا 10اگسٹ سے آغاز ہونے جا رہا ہے لیکن بیشتر طلبہ ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ نہ ہونے کی شکایات کررہے ہیں۔ متعلقہ عہدیداروں نے توثیق کی کہ تکنیکی خرابی کے سبب بعض طلبہ کے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ نہ ہونے کی شکایت ملی ہیں اور حکام کی جانب سے تکنیکی عملہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ تمام طلبہ کے ہال ٹکٹس کی اجرائی کو یقینی بنائیں تاکہ طلبہ کو امتحانات کیلئے مایوسی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انتظامیہ کے مطابق تکنیکی خرابی دور کرنے ہدایت کے بعد توقع ہے کہ 9اگسٹ کو ہال ٹکٹس کے ڈاؤن لوڈ کے مسائل کو حل کرلیا جائے گا۔محبوب نگر ‘ سنگاریڈی ‘ عادل آباد کے علاوہ نظام آباد اور دیگر علاقوںکے امیدوارو ںکی بڑی تعداد نے شکایت کی کہ ان کے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ نہ ہونے کے سبب وہ ذہنی تناؤ کا شکار ہیں ۔ مرکز برائے فاصلاتی تعلیم سے رابطہ پر کہا جا رہاہے کہ مسئلہ کی جلد یکسوئی کرلی جائیگی اور امتحانات سے قبل ہال ٹکٹس جاری کردیئے جائیں گے۔م