حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں ایک ایمفی تھیٹر کی تعمیر کے لئے کل وائس چانسلر پروفیسر ڈی رویندر نے سنگ بنیاد رکھا۔ ڈاکٹر جی ناگیا ایمفی تھیٹر، ٹیگور آڈیٹوریم سے متصل تعمیر کی جائے گی۔ ڈاکٹر ناگیا عثمانیہ یونیورسٹی کے ایک قدیم طالب علم ہیں اور انھوں نے کیمسٹری میں ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی کی تکمیل کی تھی۔ وہ یونیورسٹی میں ایک اوپن ایر ایمفی تھیٹر کی تعمیر کے لئے پیشقدمی کی ہے۔ بیضوی شکل کی اس ایمفی تھیٹر میں ایک اسٹیج اور ڈیجیٹل اسکرین کے ساتھ ایک آڈیو ۔ ویڈیو سسٹم ہوگا اور اس کی تعمیر توقع ہے کہ مارچ کے اختتام تک مکمل ہوگی۔ یونیورسٹی کا منصوبہ لینڈ اسکیپ گارڈن، ٹیگور آڈیٹوریم اور ایمفی تھیٹر پر محیط رقبہ کو ایک کلچرل زون میں تبدیل کرنے کا ہے۔ ڈاکٹر جی ناگیا نے کہاکہ یہ مادر علمی کو کچھ واپس لوٹانے کا ایک جذبہ ہے جس نے انھیں زندگی میں ہر چیز دی ہے۔ پروفیسر رویندر نے اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈونرس کے جذبہ خیرسگالی کی ستائش کی۔