عثمان خواجہ کیلئے کمنز نے جشن کے دوران شراب کی بوتلیں ہٹادی

   

میلبورن۔انگلینڈ کے خلاف ایشزسیریز میں 4-0 کی کامیابی کے بعد جب آسٹریلیائی ٹیم کے کھلاڑی جشن منانے کیلئے شراب کی بوتلیں کھول رہے تھے تب ٹیم کے کپتان نے جو کام کیا اس نے دنیا بھر کے کرکٹ مداحوں کے دل جیت لیا۔اصل واقعہ یہ ہوا کہ جب کامیابی کے بعد میزبان ٹیم کے کھلاڑی جشن کے دوران بوتلوں سے شراب اڑارہے تھے تو ٹیم کے مسلم کھلاڑی عثمان خواجہ اسٹیج پر نہیں تھے یہ دیکھ کر کپتان پیٹ کمنز نے نہ صرف شراب کی بوتلیں ہٹا دی بلکہ عثمان خواجہ کو اسٹیج پر طلب کرلیا تاکہ وہ ٹیم کی کامیابی کے جشن میں شامل ہوسکیں۔ایشز سیریز میں جیت کے جشن کی یہ ویڈیو کافی وائرل ہوگئی ہے اورکمنز کے اس کام کو ساری دنیا سے سراہا جارہے ہے۔ وائرل ویڈیو پر آسٹریلیائی کرکٹر عثمان خواجہ اورکپتان پیٹ کمنز نے ردعمل دیا ہے۔عثمان خواجہ نے اس وائرل ویڈیو کو شائع کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ویڈیو بتاتی ہے کہ پوری ٹیم میراکتنا ساتھ دیتی ہے۔انہوں نے لکھا کہ ساتھیوں نے اپنی عام شیمپین کی تقریبات روک دیں تاکہ میں دوبارہ شامل ہو سکوں۔عثمان خواجہ نے لکھا کہ کھیل میں شمولیت اور بطورکھیل ہماری اقدار بہت اہم ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم صحیح سمت میں چل رہے ہیں۔دوسری جانب کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ عثمان مسلمان ہے اور شراب کے جشن میں اسے آنا پسند نہیں ہے تو میں نے بطورکپتان اس بات کو یقینی بنایا کہ ہمارے جشن میں پوری ٹیم شامل ہو۔ خیال رہے کہ پاکستانی نژاد آسٹریلیائی کرکٹر عثمان خواجہ ایشز سیریزکی فتح کا جشن منانے والے ساتھی کرکٹرز سے دْورکھڑے ہوگئے جس کی وجہ آسٹریلیائی کرکٹرزکا شراب کی بوچھاڑکرنا تھا۔کپتان پیٹ کمنز نے جب یہ دیکھا کہ عثمان خواجہ جشن منانے والوں میں موجود نہیں ہیں تو انہوں نے فوری طور پر شراب کی بوتلیں وہاں سے پیچھے ہٹوادیں اور عثمان خواجہ کو اسٹیج پر بْلایا اور اْن کے ساتھ جشن منایا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہوئی اور اس مختصر ویڈیو کلپ کو شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین اس پر خوب تبصرے کررہے ہیں۔