حیدرآباد یکم ستمبر (سیاست نیوز) شہر کو پینے کا پانی فراہم کرنے والے دونوں ذخائر کی سطح آب میں زبردست اضافہ ہو رہاہے اور بلکا پور نالہ ‘ فرنگی نالہ کے علاوہ اننت گری ہلز سے حمایت ساگر و عثمان ساگر پہنچنے والے پانی کی رفتار میں اضافہ سے دونوں ہی ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حمایت ساگر کی مکمل سطح آب 1763.50 ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں حمایت ساگر میں پانی کی آمد سے موجودہ سطح آب 1756 تک پہنچ چکی ہے ۔ اسی طرح عثمان ساگر کی مکمل سطح آب 1790 فیٹ ہے اور اتوار کو دن میں 10 بجے عثمان ساگر کی سطح آب 1782 فیٹ تھی ۔ حکومت کی ہدایت کے بعد محکمہ آبرسانی نے دونوں ذخائر آب میں اضافہ پر نگاہ رکھنی شروع کردی ہے اور موسیٰ ندی کے اطراف موجود نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ حکام کے مطابق دونوں ہی ذخائر آب میں اگر آئندہ چند گھنٹوں میںاسی رفتار سے پانی کی آمد ہوتی ہے تو یہاں سے پانی کے اخراج پر غور کیا جائیگا اور محکمہ آبرسانی اور آبپاشی کی نگرانی میں محکمہ مال اور پولیس کے ذریعہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقاما ت پر منتقل کرنے اقدامات کے ذریعہ دونوں ذخائر آب سے عیسیٰ ندی اور موسیٰ ندی میں پانی چھوڑنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ 3