عثمان ساگر کے 4 اور حمایت ساگر کے 2 گیٹس کھول دیئے گئے

   

عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت، فاکس ساگر اور بابوخان تالاب لبریز، کئی کالونیاں محصور
حیدرآباد ۔ 23 جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے علاوہ مضافت میں زبردست بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں مزید تین دن بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ حیدرآباد کے مضافات میں بارش سے کئی تالاب لبریز ہوگئے ہیں اور شہر کے جڑواں ذخیرہ آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں سیلاب کے پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے۔ تیزی سے دونوں ذخیرہ آب میں پانی جمع ہورہا ہے جس کے بعد عہدیدار چوکسی اختیار کرکے عثمان ساگر کی چار و حمایت ساگر کے 2 گیٹس کھول کر پانی چھوڑ رہے ہیں۔ موسیٰ ندی کے اطراف بالخصوص پانی بہنے والے راستوں کے پاس رہنے والے عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ عثمان ساگر میں پانی کا انفلو 2 ہزار کیوسکس ہے جس کے بعد چار گیٹس کھول کر 832 کیوسکس پانی چھوڑا جارہا ہے۔ عثمان ساگر کی مکمل سطح آب 1790 فیٹ ہے۔ فی الحال عثمان ساگر میں 1786.65 فیٹ پانی ہے۔ حمایت ساگر میں پانی کا انفلو 500 کیوسکس ہے۔ عہدیدار دو گیٹس کھول کر 330 کیوسکس پانی چھوڑ رہے ہیں۔ حمایت ساگر کی مکمل سطح آب 1763.50 فیٹ ہے۔ فی الحال 1760.50 فیٹ پانی جمع ہے۔ شہر کے مضافات میں ہونے والی بارش سے جیڈی میٹلہ حدود میں واقع فاکس ساگر تالاب لبریز ہوگیا ہے۔ سیلاب کا پانی اما مہیشور کالونی کے علاوہ دوسرے کالونیوں اور بستیوں میں داخل ہوگیا ۔ دنڈیگل منڈل میں بابوخان تالاب لبریز ہوگیا جس سے اس کے اطراف کی بستیوں میں پانی داخل ہوگیا ۔ عوام کو گھروں سے باہر نکلنے اور کھانے پینے کی اشیاء حاصل کرنے میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ن
نظام ساگر سے پانی کا اخراج
حیدرآباد23جولائی(یواین آئی) کاماریڈی ضلع کے نظام ساگرپراجیکٹ کے چاردروازے کھول کر 24 ہزار کیوزک پانی کو چھوڑا گیا۔ رکن اسمبلی ہنمنت شنڈے نے پوجا کی اور دروازوں کو کھولا۔بالائی علاقوں سے پانی کے شدید بہاو کے پیش نظر اس پروجیکٹ کے دروازے کھولے گئے ۔اس پروجیکٹ میں 36,400 کیوزک پانی کا بہاو درج کیاگیا۔