عدالت نے ریلوے کی 29 ایکڑ اراضی خالی کرنے کی ہدایت جاری کی

   

نینی تال: اتراکھنڈ ہائیکورٹ نے منگل کو جاری ایک انتہائی اہم حکم میں ہلدوانی کے بنبھول پورہ میں ریلوے کی زمین سے ناجائز قبضہ کرنے والوں کو ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔ ناجائز قبضہ کرنے والوں کو نوٹس جاری کرکے ایک ہفتے میں ہٹانے کیلئے کہا گیا ہے۔ جسٹس شرد شرما اور جسٹس آر سی کھلبے کی ڈویژن بنچ نے یکم ؍نومبر کو آخری سماعت کے ساتھ ہلدوانی کے رہنے والے روی شنکر جوشی کی طرف سے دائر مفاد عامہ کی سماعت پر فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔سماعت کے دوران کچھ تجاوزات کرنے والوں کی جانب سے مداخلت کی درخواست دائر کی گئی اور کہا گیا کہ ریلوے انہیں ہٹانے کیلئے یکطرفہ کارروائی کررہا ہے۔
اسے سماعت کا موقع نہیں دیا گیا۔ اس کے بعد عدالت نے انہیں سماعت کا موقع دیا۔دوسری جانب ریلوے کی جانب سے کہا گیا کہ ریلوے کی 29 ایکڑ اراضی پر 4365 کے قریب نائب جائز طریقہ سے قبضہ کرنے والے موجود ہیں اور ریلوے نے پی پی ایکٹ کے تحت سب کو سماعت کا مناسب موقع دیا ہے ۔آج فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے ریلوے کی اراضی خالی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ریلوے ایک ہفتے میں نوٹس جاری کرے اور تجاوزات ہٹانے کے لیے کارروائی عمل میں لائے ۔