عراق میں قرآن جلانے والے گستاخ سویڈش کا گرفتاری وارنٹ جاری

   

بغداد: عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل نے سویڈن میں گذشتہ ہفتے قرآن پاک کے اوراق نذرآتش کرنے کے گھناؤنے جرم میں ملوث سلوین مومیکا نامی گستاخ کے خلاف گزشتہ روز گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے۔عراق میں سپریم جوڈیشل کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک میمورنڈم میں وزارت داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے فوری طور پر، عرب اور بین الاقوامی پولیس ڈائریکٹوریٹ کو ملزم سلوان صباح متی مومیکا کی گرفتاری کے وارنٹ کے بارے میں آگاہ کرتیاسے اس کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ملزم عراقی پینل کوڈ کے آرٹیکل (1)/372 کی دفعات کے تحت عراقی عدلیہ کو مطلوب ہے، توقع ہے عالمی ادارے اشتہاری ملزم کو پکڑنے اور اسے عراق کے حوالے کرنے میں مدد کریں گے‘۔میمورنڈم میں حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ملزم کی گرفتاری کی صورت میں عراقی عدلیہ کو مطلع کریں تاکہ اس کے خلاف کارروائی شروع کی جا سکے۔عراق نے سویڈن سے کہا تھا کہ عیدالاضحی کے پہلے دن اسٹاکہوم کی سب سے بڑی مسجد کے سامنے قرآن پاک کو جلانے والے گستاخ کو مقامی قانون کے مطابق مقدمہ چلانے کے لیے اس کے حوالے کیا جائے۔عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد الصحاف نے کہا کہ قرآن پاک کی توہین کرنے والا عراقی ہے۔ اس لیے ہم سویڈش حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسے عراقی حکومت کے حوالے کیا جائے تاکہ اس پر عراقی قانون کے مطابق مقدمہ چلایا جا سکے۔