عراق میں لاکھوں شہری بجلی سے محروم، احتجاجی مظاہرے

   

بغداد ۔ عراق میں لاکھوں شہری بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ بصرہ سمیت کئی شہروں میںاحتجاجی مظاہرے بھی ہوئے ہیں، تفصیلات کے مطابق عراق کے بیشتر علاقے جمعہ کی صبح بجلی سے محروم ہوگئے۔ فنی خرابی کے باعث ملک کے تمام بجلی گھر مکمل طور پر معطل ہیں جبکہ ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے بجلی کے بریک ڈاون اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ عراقی وزیر برائے بجلی نے پیداوار میں کمی اور ملک میں بجلی کی تقسیم کے مسئلے کے پیش نظر مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق بجلی کے بحران نے بغداد کے پاش علاقوں کو بھی متاثر کیاہے۔ لاکھوں عراقی بجلی سے محروم ہیں جس سے بدامنی کے خدشات ہیں۔بصرہ میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور انہو ں نے سڑکوں پر ٹائر جلائے۔بجلی کی وزارت نے بیان میں کہا ہے کہ بغداد میں تخریبی کارروائی کی وجہ سے سپلائی کی ایک لائن کو نقصان پہنچا ہے۔